پاک فوج نے دلیرانہ موقف اپنا کر پاکستانی قوم کو ایک نیا جوش اور ولولہ دیا ہے، ڈاکٹر محمد امجد،

گلگت بلتستان کے انتخابات میں بھر پور حصہ لیں گے،بیان

منگل 24 مارچ 2015 20:50

اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 مارچ 2015ء) آ ل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے ایک بیان میں پاک فوج کو ضرب عضب اور دہشت گردوں کے خلاف پورے ملک میں بے مثال کامیابی حاصل کرنے اور 23مارچ کو کامیاب پریڈ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے دلیرانہ موقف اپنا کر پاکستانی قوم کو ایک نیا جوش اور ولولہ دیا ہے اور لوگوں کے دلوں سے خوف کی فضا دور کرکے ایک بھر پور خو شی کا موقع فراہم کرتے ہوئے پاکستانی شہداء کو شاندار خراج تحسین پیش کیا کہ انکی بے مثال قربانیوں کی وجہ سے آج وطن عزیز محفوظ ہا تھوں میں ہے اور دہشت گرد اپنی زندگی کی آخری سانسیں لے رہے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں آل پاکستان مسلم لیگ کا سی ڈبلیو سی اور سی ای سی کا بھر پور اجلاس قائد آل پاکستان مسلم لیگ پرویز مشرف کی قیادت پہ اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے جس میں بڑی تعداد میں ملک بھر اور بیرون ملک سے ارکان آل پاکستان مسلم لیگ نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت اور اپوزیشن کو پرویز مشرف فوبیا ہے جونہی آل پاکستان مسلم لیگ کا کوئی پروگرام ہوتا ہے یا پرویز مشرف کا انٹرویو آتا ہے یہ پریشان ہو کر منفی بیان بازی شروع کر دیتے ہیں ۔

اگر پرویز مشرف کا کوئی کردار نہیں تو خوف کس چیز کا ؟ انکو کیوں الیکشن سے باہر رکھا گیا؟ اور انکے خلاف بے بنیاد سیاسی کیس بنا کر الجھایا گیا جمہوریت کا حق تو یہ تھا کہ انھیں الیکشن لڑنے دیا جاتااور فیصلہ قوم کرتی کہ کس کا دور پاکستانی عوام کے لیے سنہری تھایا نہیں؟ انشاء اللہ آل پاکستان مسلم لیگ بلدیاتی انتخابات میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی اور گلگت بلتستان کے انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی۔۔

متعلقہ عنوان :