پرانی تجاویزات کے بارے میں الگ پالیسی بنانے کیلئے 3رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے‘صدیق الفاروق،

ننکانہ صاحب میں یکم مارچ کے بعد ٹرسٹ کی زمین پر ناجائز تجاویزات گرا کر ملبہ ٹرسٹ کے حق میں ضبط کر لیا جائیگا‘ چےئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ

منگل 24 مارچ 2015 22:10

لاہور/ننکانہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 مارچ 2015ء ) متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین صدیق الفاروق نے کہا ہے کہ ننکانہ صاحب میں یکم مارچ کے بعد ٹرسٹ کی زمین پر ناجائز تجاویزات گرا کر ملبہ ٹرسٹ کے حق میں ضبط کر لیا جائیگا،البتہ پرانی تجاویزات کے بارے میں الگ پالیسی نافذ کی جائے گی اور اس پالیسی کے لیے چیئرمین بورڈ کی سربراہی میں مقامی ایم این اے اور ایم پی اے پر مشتمل 3رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شام خصوصی طور پر ننکانہ صاحب میں واقع ٹرسٹ کے دفتر میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب کے ٹاوٴن پلاننگ کی منظوری دے دی گئی ہے جبکہ ٹاوٴن پلاننگ میں ننکانہ صاحب کے رہنے والے ہر ضرورت مند کی ضرورت پوری کی جائے گی، یہاں پر یونیورسٹیاں ، ہسپتال،کھیل کے وسیع میدان، اعلی ہوٹل اور انتظامیہ کے دفاتر سمیت کثیرمنزلہ فلیٹس بنائے جائیں گے جبکہ کسانوں کیلئے شمسی توانائی سے چلنے والے ٹیو ب ویل، ٹینل فارم سمیت ہر ممکن سہولیات اور قرضے فراہم کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جوا ب میں ان کا کہنا تھا کہ انہیں معلوم ہوا ہے کہ بہت سے سادہ لوگوں سے قبضوں کے پیسے لیے گئے ہیں ، ہم اُن لیٹروں سے متاثرہ لوگوں کے پیسے واپس دلوائیں گے اور ناجائز قبضہ کرنے والا سیاسی کارکن ہو صحافی ہو سرکاری ملازم یا کوئی بھی ہو اُس سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔