Live Updates

کرچی کئی عشروں سے بدامنی کی آگ میں جل رہاہے، ہزاروں لوگ ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کا شکار ہو چکے ہیں ‘سراج الحق

حکومت اور فوج اگر سنجیدہ ہے اور ملک سے دہشتگردی کو ختم کرناچاہتی ہے تو انہیں بے لاگ انصاف کرنا اور مجرموں سے سختی کے ساتھ نپٹنا پڑے گا، جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے بعد تحریک انصاف اسمبلیوں میں حاضر ہو جائے گی ملک سخت بحران سے دوچار ہے ‘امیر جماعت اسلامی کا اجلاس سے خطاب

منگل 24 مارچ 2015 23:35

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 مارچ 2015ء ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ کرچی کئی عشروں سے بدامنی کی آگ میں جل رہاہے ،ہزاروں لوگ ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کا شکار ہو چکے ہیں ، حالیہ آپریشن میں پکڑے گئے مجرموں کے بیانات سے واضح اشارے ملے ہیں کہ اس میں کراچی کی لسانی تنظیم ملوث ہے اور اس کے ذمہ داران کے ایما پر کئی سرکاری افسران اور بااثر لوگ قتل کیے گئے ہیں اور یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ مجرم گورنر ہاؤس میں پناہ لیتے ہیں اور انہیں وہاں تحفظ ملتاہے ، اس لیے یہ ضروری ہے کہ گورنر سندھ کو فوری طور تبدیل کیا جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جماعت اسلامی کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں نائب امراء راشد نسیم ،حافظ محمد ادریس ،میاں محمد اسلم ،سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ ،امیر جماعت اسلامی صوبہ خیبر پختونخواہ پروفیسر محمد ابراہیم خان ،امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر سیکرٹری اطلاعات امیر العظیم و دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کراچی کو جرائم سے پاک کرنے کے لیے گورنر سندھ کی تبدیلی ضروری ہے اس کا مطالبہ تحریک انصاف نے بھی کیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ کچھ بیرونی طاقتیں کراچی کے معاملات میں مداخلت کر رہی ہیں ان کی کوشش ہے کہ آپریشن میں گرفتار ہونے والے افراد کے ساتھ نرمی برتی جائے ۔ حکومت اور فوج اگر سنجیدہ ہے اور ملک سے دہشتگردی کو ختم کرناچاہتی ہے تو انہیں بے لاگ انصاف کرنا اور مجرموں سے سختی کے ساتھ نپٹنا پڑے گا ۔

اگر اس موقع پر کوئی دباؤ قبول کیا گیا اور مجرموں کو رعایت دی گئی تو اس کے سنگین اور دور رس نتائج نکلیں گے، ملک اور خصوصاً کراچی کا امن خواب و خیال بن کر رہ جائے گا ۔ سراج الحق نے کہاکہ تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان جوڈیشل کمیشن پر جو اتفاق ہواہے ، وہ خوش آئند ہے لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت بلاتاخیر اور جلد از جلد جوڈیشل کمیشن تشکیل دے ۔

انہوں نے اس توقع کا اظہار بھی کیا کہ جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے بعد تحریک انصاف اسمبلیوں میں حاضر ہو جائے گی ۔ سراج الحق نے کہاکہ ملک سخت بحران سے دوچار ہے ۔ مہنگائی ، کرپشن ، بے روزگاری ، بدامنی نے عام آدمی کا جینا حرام کر رکھاہے ۔ تمام سیاسی جماعتوں کا فرض ہے کہ وہ آپس میں لڑنے کے بجائے ان مسائل کے خاتمہ کے لیے متحد ہو کر کوشش کریں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات