سمرسیٹ نے ویسٹ انڈین بیٹسمین کرس گیل کی خدمات حاصل کرلی

بدھ 25 مارچ 2015 12:10

سمرسیٹ نے ویسٹ انڈین بیٹسمین کرس گیل کی خدمات حاصل کرلی

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2015ء)بائیں ہاتھ کے جارحانہ ویسٹ انڈین بیٹسمین کرس گیل ٹی ٹونٹی بلاسٹ میں شرکت کریں گے۔ انگلش کاوٴنٹی سمرسیٹ نے ویسٹ انڈین بیٹسمین کرس گیل کی خدمات حاصل کرلیں۔رواں سال ٹی ٹونٹی بلاسٹ کے دوران ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ پینتیس سالہ بیٹسمین کا مئی میں کاوٴنٹی سے منسلک ہونے کا انحصار اس بات پر ہے کہ وہ آئی پی ایل کی ذمہ داریوں سے کب فارغ ہوتے ہیں تاہم اس کے بعد وہ تیرہ جون تک انگلش کلب کیلئے کھیلتے نظر آئیں گے۔

(جاری ہے)

سمرسیٹ کے ڈائریکٹر آف کرکٹ میتھیو مینارڈ نے انہیں مضبوط اسکواڈ میں ایک بہترین اضافہ قرار دیا ہے جبکہ کرس گیل کا بھی یہی کہنا ہے کہ وہ سمرسیٹ سے منسلک ہو کر بہت زیادہ پرجوش ہیں۔ کرس گیل نے پینتالیس ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے ہیں جبکہ ان کے ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی کی تعداد ایک سو پینتالیس ہے۔ ان ایک سو پینتالیس میچوں میں جارح مزاج بلے باز نے چھ ہزار نو سو پچھتر رنز بنائے ہیں جن میں ان کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ناقابل شکست ایک سو پچھتر رنز ہے۔