پاکستانی کھلاڑی اپنی غلطیوں سے سیکھنے کی کوشش نہیں کرتے، سابق آسٹریلوی کوچ

بدھ 25 مارچ 2015 12:37

پاکستانی کھلاڑی اپنی غلطیوں سے سیکھنے کی کوشش نہیں کرتے، سابق آسٹریلوی ..

سڈنی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2015ء)سابق آسٹریلین کوچ نیل ڈی کوسٹا نے کہا ہے کہ پاکستانی کھلاڑی اپنی غلطیوں سے سیکھنے کی کوشش نہیں کرتے، عمر اکمل کسی اور ملک میں ہوتے تو اب تک ٹیم سے باہر ہوتے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق آسٹریلین کپتان مائیکل کلارک، فل ہیوز اور مچل اسٹارک کے کی کوچنگ کرنے والے ڈی کوسٹا نے کہا کہ پاکستان کے پاس کئی اچھے کھلاڑی ہیں تاہم اس ٹیم کا سب سے بڑا مسئلہ کھلاڑیوں کا رویہ اور فٹنس ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونس خان اس عمر میں بھی کئی کھلاڑیوں کے لئے رول ماڈل ہیں ‘ 23 سے 25 سال کی عمر کے کھلاڑیوں میں رویے کا فقدان ہے اور وہ غلطیوں سے سیکھنے کی کوشش نہیں کرتے۔اس موقع پر انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ میں جس وقت مائیکل کلارک کو انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے تیار کررہا تھا وہ بولنگ مشین پر 135، 140 کلو میٹر کی رفتار کے سامنے کمال کی بیٹنگ کرتے تھے تاہم پاکستان میں ایسا نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان ٹیم میں احمد شہزاد اور عمر اکمل وغیرہ سیکھنے کی زحمت ہی نہیں کرتے، اگر یہ دونوں کھلاڑی کسی اور ملک میں ہوتے تو اب تک ٹیم سے باہر ہوتے۔ڈی کوسٹا نے کہا کہ بلاشبہ دونوں کھلاڑیوں میں بلا کا ٹیلنٹ ہے لیکن ایسے ٹیلنٹ کا کیا فائدہ جو ملک کے کام ہی نہ آسکے۔انہوں نے کہا کہ وکٹ کیپر سرفراز احمد میں کمال کا ٹیلنٹ ہے ‘ سرفراز کو اپنی فٹنس پر بہت کام کرنا ہوگا، اس وقت مجھے سرفراز احمد فٹ نہیں لگے تھے۔