دہشتگردوں کا نیٹ ورک توڑ دیا ، تین سالوں میں قوم کو نیا پاکستان دینگے :نواز شریف

بدھ 25 مارچ 2015 14:55

دہشتگردوں کا نیٹ ورک توڑ دیا ، تین سالوں میں قوم کو نیا پاکستان دینگے ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ2015ء) وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ اس وقت ملکی معیشت کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے ، ہمیں آنے والے کئی سالوں کی منصوبہ بندی کرنی ہے ، کراچی سٹاک ایکسچینج کی تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کے منصوبے زیر غور ہیں ، انہوں نے کہا کہ بھاشا ڈیم کی تعمیر سے نہ صرف بجلی پیدا ہوگی بلکہ اس سے جن علاقوں میں فصلوں کو پانی نہیں مل رہا انہیں بھی پانی ملے گا ، انہوں نے کہا کہ ملک کو دہشتگردی کے مساءل کا بھی سامنا ہے ۔

ہم نے اس مسئلے کو بات چیت سے حل کرنے کی کوشش کی اور اس کے بعد آپریشن شروع کیا گیا ، آپریشن کامیاب رہا جس سے دہشتگردوں کی جڑیں اکھاڑ دی گئیں ، ہم نے تمام سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کیا اور ان سے مذاکرات کئے ، جب تک پاکستان سے آخری دہشتگرد کو ختم نہیں کیا جاتا اس وقت تک ضرب عضب ختم نہیں ہوگا ۔

(جاری ہے)

ہم نے کراچی میں ہونے والے جرائم کو قائم علی شاہ کی مدد سے انتہائی کم کیا ، ہم نے ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کو بھی ختم کیا ، ایک دن آئے گا جب اس شہر سے یہ تمام برائیاں ختم ہوجائیں گی ۔

اس کیلئے کراچی میں امن کا قیام ضروری ہے ، اگر کراچی میں ترقی نہیں ہو گی تو ملک میں ترقی نہیں ہوگی ، ہم اس میں کامیاب ہو رہے ہیں ، ہمیں اس حوالے سے سندھ حکومت کا مکمل تعاون حاصل ہوگا ، ہم نے 2013 کے انتخابات میں مفاہمت کی بنیاد رکھی اور اس کے بعد سے یہ سفر جاری ہے ، انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کی عزت کرنا ہوگی ، کراچی میں ہونے والا آپریشن مجرموں کے خلاف ہے ، یہ کسی پارٹی یا کسی جماعت کے خلاف نہیں ، مجرم جو فرقہ واریت یا کسی اور جرم میں ملوث ہیں ، خواہ وہ کسی بھی صوبے یا شہر میں ہوں ان کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا ، میاں نواز شریف نے کہا کہ ہم ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں ، پاکستان کا دنیا میں امیج بہتر بنانا ہوگا اور ہمیں ہر شعبے میں اپنے آپ کو بہتر بنانا ہوگا ، ہم نے دہشتگردی کیخلاف لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کیا اب ہم اس جنگ کو آخری حد تک لے کر جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارا چیلنج ہے کہ ہم اپنی برآمدات کو بڑھائیں ، ہم نے نئے ائیرپورٹس کی تعمیر پر زور دینا ہے ، اس کے علاوہ قومی ائیر لائن کو بھی ٹھیک کرنا ہے ، ہزارہ موٹر وے کا بھی آغاز ہوگیا ہے ، گوادر کی تعمیر کرنی ہے ، بجلی اور گیس کی قلت کو بھی جلد سے جلد ختم کرنا ہے ، ہم بجلی سستی بھی کریں گے ، وزیر اعظم نے کہا کہ گھریلو صارفین کے علاوہ کسانوں اور صنعتی کارکنوں کو بھی سستی بجلی دیں گے ۔ پوری قوم سے اپیل ہے کہ وہ اس ملک کی تکمیل میں ہمارا ساتھ دیں . ہم آئندہ تین سالوں میں قوم کو نیا اور بہتر پاکستان دیں گے ، -