ٹیکنالوجی کے استعمال سے محکمہ صحت پنجاب کی کارکردگی میں واضح بہتری لائی جا رہی ہے ‘ ڈاکٹر عمر سیف،

ضلع وہاڑی، ملتان اور گوجرانوالہ میں ویکسین کی سو فیصد فراہمی کو یقینی بنانے اور ماں بچے کی صحت کے پروگرام کے لئے ملکر کام کرینگے‘ مسٹر فینٹن ہیلان

بدھ 25 مارچ 2015 19:58

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2015ء) پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا رہا ہے جس سے عام آدمی کو علاج معالجے کی معیاری سہولتیں مل رہی ہیں اور بیماریوں سے بچاؤ کی موثر پالیسیاں وضع کرنے میں مدد مل رہی ہے۔ وہ آج اپنے دفتر میں بین الاقوامی ادارہ اکاسس کے ایک وفد کو پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈمیپ کے حوالے سے بریفنگ دے رہے تھے۔

وفد میں مسٹر فینٹن ہیلان، ڈاکٹر ایما ھینے اور اسد غفور شامل تھے۔ ڈاکٹر عمر سیف نے بتایا کہ پی آئی ٹی بی پنجاب ہیلتھ ریفارمز پروگرام کے تحت متعدد منصوبوں پر کام کر رہا ہے جن میں ای۔ویکسی نیشن، ہیلتھ واچ، ڈینگی ٹریکنگ سسٹم، ڈرگ مانیٹرنگ سسٹم، میڈیسن انوینٹری مینجمنٹ سسٹم ، مریضوں اوربیماریوں کا ڈیٹا اکٹھا کرنا اور دیگر پروگرام شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان پروگراموں سے تمام سرکاری ہسپتالوں میں عملے کی حاضری، ادویات کی فراہمی اورپولیو اور دیگر متعدی امراض کی روک تھام میں کافی بہتری آئی ہے۔ وفد کے ارکان نے پنجاب میں محکمہ صحت کی ترقی میں پی آئی ٹی بی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ادارہ ضلع وہاڑی، ملتان اور گوجرانوالہ میں ویکسین کی سو فیصد فراہمی کو یقینی بنانے اور ماں بچے کی صحت کے پروگرام کا دائرہء کار دیہی مراکز ِ صحت تک بڑھانے سمیت دیگر منصوبوں میں پی آئی ٹی بی کے ساتھ ملکر کام کرے گا ۔