واپڈا کا1410 میگاواٹ تربیلا کے پانچویں توسیعی منصوبے کا پی سی ون منظوری کیلئے بھجوانے کا فیصلہ،

795.8 ملین ڈالر پر مبنی منصوبے کا پی سی ون وزارتِ پانی و بجلی کے ذریعے منظوری کیلئے پلاننگ کمیشن کو بھجوایا جارہا ہے ، فیصلہ واپڈا ہاؤس میں منعقد ہ چیئرمین واپڈا ظفر محمود کی زیر صدارت اتھارٹی اجلاس میں کیا گیا ،جنرل منیجر (تربیلا ڈیم پراجیکٹ) نے تفصیلات پیش کیں، تربیلا کے پانچویں توسیعی منصوبے کی پیداواری صلاحیت ایک ہزار 410 میگاواٹ ہے ، ہر سال ایک ارب 80 کروڑ یونٹ سستی پن بجلی مہیا کریگا

بدھ 25 مارچ 2015 20:01

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2015ء) 1410 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے حامل تربیلا کے پانچویں توسیعی منصوبہ کا پی سی ون وزارت ِ پانی و بجلی کی وساطت سے پلاننگ کمیشن کی منظوری کے لئے بھجوایا جارہا ہے، منصوبے کا پی سی ون795.8ملین ڈالر پر مبنی ہے ۔ منصو بے کا پی سی ون منظوری کے لئے وزارتِ پانی و بجلی کو ارسال کیا جانا تربیلا کے پانچویں توسیعی منصوبے کی تعمیر کے لئے ایک اہم پیش رفت ہے ۔

پی سی ون منظوری کے لئے وزارتِ پانی و بجلی کو بھجوانے کا فیصلہ واپڈا ہاؤس میں منعقد ہ اتھارٹی کے اجلاس میں کیا گیا ۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین واپڈا ظفر محمود نے کی ۔ ممبر(واٹر ) محمد شعیب اقبال ، ممبر ( پاور ) بدرالمنیر مرتضیٰ ، ممبر (فنانس) انوارالحق ، سیکرٹری واپڈا سید خالد اخلاق گیلانی ، پراجیکٹ حکام اور کنسلٹنٹ کے نمائندے اجلاس میں شریک ہوئے ۔

(جاری ہے)

جنرل منیجر (تربیلا ڈیم پراجیکٹ) اقبال مسعود صدیقی کی جانب سے اجلاس میں پی سی ون کی تفصیلات پیش کی گئیں ۔ اتھارٹی نے پی سی ون میں لاگت کے تخمینوں کا تفصیلی جائزہ لیا ، تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ پی سی ون میں درج لاگت درست اور متعلقہ پیرا میٹرز کے مطابق ہے ۔ اجلاس میں یہ بات نوٹ کی گئی کہ منصوبوں کے پی سی ون پر نظر ثانی سے اُن منصوبوں کی لاگت میں اضافہ ہوتا ہے جس کی وجہ سے اُن کی بروقت تکمیل میں تاخیر ہو جاتی ہے ۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ تربیلا کا پانچواں توسیعی منصوبہ وفاقی حکومت کے کم لاگت پن بجلی پیدا کرنے کے پروگرام کا حصہ ہے ، جسے واپڈا ترجیحی طور پر آگے بڑھارہا ہے ۔ تربیلا کا پانچواں توسیعی منصوبہ نہایت سود مند پراجیکٹ ہے کیونکہ اِس سے بجلی کی پیداوار نہایت مختصر مدت میں شروع ہو سکتی ہے ۔ یہ منصوبہ 2018 ء میں دریاؤں میں زیادہ پانی آنے کے موسم سے قبل ہی مکمل ہو جائے گا ۔

منصوبے کی تفصیلات کے مطابق تربیلا ڈیم کی سرنگ نمبر5 کو اِس طرح پاور ٹنل میں تبدیل کیا جائے گا کہ اِس سرنگ سے آبپاشی کے لئے پانی کے اخراج کی صلاحیت متاثر نہ ہو۔ ٹنل نمبر5 پر تین ٹربائنیں نصب کی جائیں گی اور ہر ٹربائن کی پیداواری صلاحیت470میگاواٹ ہوگی ۔ منصوبے سے موسم گرما کے دوران مجموعی طور پر 1410 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی اور یہ ہر سال قومی نظام کو ایک ارب 80 کروڑ یونٹ سستی پن بجلی مہیا کرے گا۔

پراجیکٹ کے مالی فوائد (FIRR)کا تخمینہ 13.5 فیصد لگایا گیا ہے۔تربیلا کے موجودہ ہائیڈل پاور سٹیشن کی پیداواری صلاحیت 3 ہزار 478 میگاواٹ ہے ۔ زیر تعمیر تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے کی تکمیل پر یہ صلاحیت 4 ہزار 888 میگاواٹ اور پانچویں توسیعی منصوبے کی تکمیل پر 6 ہزار 298 میگاواٹ ہو جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :