آئی جی پنجاب کا لاہور میں پولیس ناکوں پر بلٹ پروف بنکرز کی فراہمی کا فیصلہ ،پاکستان آرمی کی طرف سے تیار کیے گئے بلٹ پروف بنکرز کے نمونے آئی جی پنجاب کو پیش

بدھ 25 مارچ 2015 21:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مارچ۔2015ء) دہشت گردوں اور سنگین مجرموں کے ہاتھوں دوران ڈیوٹی پولیس اہلکاورں کی بڑھتی ہوئی شہادتوں کے پیش نظر اور ان کی جانوں کی حفاظت اور ویلفےئر کو مدِ نظر رکھتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، مشتاق احمد سکھیرا نے لاہور میں پولیس ناکوں پر بلٹ پروف بنکرز کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔اسی سلسلے میں سنٹرل پولیس آفس لاہور میں پاکستان آرمی کی طرف سے تیار کیے گئے بلٹ پروف بنکرز کے نمونے آئی جی پنجاب کو پیش کیے گئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، کیپٹن (ر) عارف نواز، سی سی پی او لاہور، امین وینس، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، ڈاکٹر حیدر اشرف اور آرمی آفیسرز موجود تھے۔یہ بلٹ پروف بنکرز ابتدائی طور پر لاہور کے 20ناکوں پر لگائے جائیں گے ۔ ان بنکرز کو کسی بھی جگہ پر آسانی سے منتقل کیا جا سکے گااور ناکے پر کسی بھی قسم کی دہشت گردی یا فائرنگ کی صورت میں ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کی کی زندگیوں کو زیادہ محفوظ بنایا جا سکے گاتا کہ وہ بلا خوف و خطر اپنے فرائض انجام دے سکیں۔اس سلسلے میں آئی جی پنجاب نے بتایا کہ لاہور کے بعد ان بنکرز کی دیگر شہروں میں فراہمی کے لئے حکمتِ عملی طے کی جارہی ہے۔