قواعد و ضوابط اور ڈسپلن کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی‘ سیکرٹری پنجاب اسمبلی

جمعرات 26 مارچ 2015 16:22

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مارچ۔2015ء) سیکرٹری پنجا ب اسمبلی رائے ممتاز حسین بابرنے پنجاب اسمبلی کے کمیٹی روم میں اسمبلی کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسمبلی سیکرٹریٹ کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے سٹاف کی ٹریننگ اور تربیتی کورسز کا اہتمام کیا جا رہا ہے،عوامی خدمت کے جذبہ سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور ادارے کے وقار کو ہمیشہ ملحوظ رکھیں،قواعد و ضوابط اور ڈسپلن کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

رائے ممتاز حسین بابرنے کہا کہ محنتی افسران و اہلکاران لائق تحسین ہیں۔ اس موقع پر کل 27مارچ2015 ء سے شروع ہونے والے اجلاس کے حوالے سے اسمبلی سیکورٹی اور دیگر امور کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا ۔ سیکرٹری اسمبلی نے سیکورٹی سٹاف کو ہدایت کی کہ اجلاس کے دوران مہمانوں کے داخلے پر پابندی کو یقینی بنائیں۔ سرکاری افسران اور میڈیا کو اسمبلی انٹری پاس کی بنیاد پر اسمبلی احاطہ میں آنے کی اجازت دیں۔ اس موقع پر پی پی آر اے کے تربیت یافتہ پنجاب اسمبلی کے افسر حسابات عبدالصمد باجوہ نے اکاؤنٹس سے متعلق ایشوزپر بر یفنگ دی اور سوالات کے جوابات دیئے۔