لاہور چیمبر کے نائب صدر سید محمود غزنوی نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے پندرہ روزہ تجارتی دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے

جمعرات 26 مارچ 2015 17:37

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مارچ۔2015ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر سید محمود غزنوی نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے پندرہ روزہ تجارتی دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں، تجارتی وفد کے ہمراہ دونوں ممالک کے طویل دورے کے دوران انہوں نے نہ صرف نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے تاجروں اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں بلکہ دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کے لیے تاجروں کے ساتھ کئی معاہدے بھی کیے۔

وفد نے دورے کا آغاز نیوزی لینڈ سے کیا جہاں تاجروں کے ساتھ بی ٹو بی میٹنگز ہوئیں جن سے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تجارت بڑھانے میں مدد ملے گی۔ آسٹریلیا میں وفد نے اعلیٰ سطحیٰ اجلاسوں میں شرکت کی اور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ آسٹریلیا میں پاکستان قونصل جنرل عبدالعزیز نے وفد کے ساتھ بہترین تعاون کیا اور آسٹریلوی تاجروں کے ساتھ ملاقاتوں کا اہتمام کیا۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا میں پاکستانی قونصل جنرل کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر سید محمود غزنوی نے کہا کہ وہ آسٹریلیا اور پاکستان کے نجی شعبے کے درمیان پل کا کردار ادا کررہے ہیں۔ پاکستانی قونصل جنرل عبدالعزیز نے وفد کے اعزاز میں ایک عشائیے کا اہتمام بھی کیا جس میں آسٹریلوی پارلیمنٹ کے اراکین، اعلیٰ سرکاری حکام اور تاجروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر سید محمود غزنوی نے کہا کہ صنعت و زراعت میں آسٹریلوی مہارت اور ٹیکنالوجی پاکستان کے لیے بہت مددگار ثابت ہوسکتی ہے ، دونوں ممالک کے تاجروں کو مشترکہ منصوبہ سازی کا آغاز کرنا چاہیے جس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔

متعلقہ عنوان :