قومی نصاب کونسل ملک میں کم از کم معیار کو برقرار رکھنے کے لئے وفاقی سطح پر قائم کی گئی ہے‘ بلیغ الرحمن ،ٹیوٹا کی جانب سے ایس ایل ایم آئی ایس کی کامیاب تیاری اور آئندہ ماہ سے آغاز کرنا قابل تعریف ہے ‘ وزیر مملکت برائے تعلیم ،ٹیوٹا اضافی بجٹ کا مطالبہ کئے بغیر شام کو فری شارٹ کورسز شروع کرکے 60000طالبعلموں کو تربیت فراہم کرنے کا منصوبہ بنا یا ہے‘عرفان قیصر شیخ

جمعرات 26 مارچ 2015 21:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مارچ۔2015ء) وزیرمملکت برائے تعلیم بلیغ الرحمن نے ٹیوٹا کی صوبہ پنجاب میں نوجوانوں کو فائدہ مند طریقے سے ہنر مند بنانے کیلئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ٹیوٹا انتظامیہ کو حکومت پر بغیر کسی اضافی مالی بوجھ کے موجودہ ایک لاکھ تعداد کو سالانہ دو لاکھ تک بڑھانے کی تعریف کی۔ انہوں نے اپرنٹس شپ ٹریننگ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ واحد ذریعہ ہے جس سے ٹیوٹا اور انڈسٹری کے اجتماعی رابطے سے نوجوانوں کو روزگار حاصل کرنے کے آسان مواقع ملتے ہیں۔

انہوں نے نیشنل ٹی ویٹ پالیسی اور نیشنل ووکیشنل کوالیکفیکیشن فریم ورک کے فرہم ورک کی نمایاں خصوصیات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس کے نافذ العمل ہونے سے ملک بھر میں ایک معیاری تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعلیم کے میدان میں مددگار ثابت ہو گی۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ روزٹیوٹا سیکرٹریٹ میں خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پرچیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ، چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر مملکت برائے تعلیم بلیغ الرحمن نے ملک بھر میں نصاب کے لئے فوکل ایجنسی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قومی نصاب کونسل ملک میں کم از کم معیار کو برقرار رکھنے کے لئے وفاقی سطح پر قائم کی گئی ہے۔انہوں نے ٹیوٹا کی جانب سے استاد شاگرد پروگرام کے تحت نئے پروگرام کو شروع کرنے کو سراہا جو کہ غیر رسمی طور پر تربیت یافتہ افرادی قوت کو رجسٹر کر کے اپنی مہارت ظاہر کرنے پرسرٹیفکیٹ فراہم کرے گی جس سے ان کو مقامی و بیرون ملک نوکری حاصل کرنے کے آسان مواقع ملیں گے۔

انہوں نے ٹیوٹا کی جانب سے ایس ایل ایم آئی ایس کی کامیاب تیاری اور آئندہ ماہ سے آغاز کرنے پر بھی تعریف کی۔انہوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے ایکریڈیشن اور ٹیوٹا کے فارغ التحصیل ہنرمندوں کیلئے بیرون ملک روزگار کی فراہمی کیلئے مکمل یقین دہانی کرائی۔قبل ازیں، چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے اپنے خطاب میں گزشتہ چھہ ماہ کے دوران صوبہ بھر میں ٹیکنکل ایجوکیشن کی ترقی اور نوجوانوں کو فنی تربیت کے مواقع میں اضافہ کیلئے میں ٹیوٹا کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا اضافی بجٹ کا مطالبہ کئے بغیر شام کو فری شارٹ کورسز شروع کرکے 60000طالبعلموں کو تربیت فراہم کرنے کا منصوبہ بنا یا ہے۔ٹیوٹا نئی منصوبہ بندیوں کے آغاز اور مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کیلئے ضلعی سطح پر سٹیک ہولڈرز کو شامل کر رہی ہے تاکہ انکی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے کورسز شروع کئے جا سکیں۔ ٹیوٹا نئے کورسز کے آغاز اور موجودہ نصاب کو از سر نو ترتیب دینے کیلئے انڈسٹری کی سفارشات حاصل کرنے کیلئے تمام تر قدامات بروئے کار لا رہی ہے تاکہ صنعتی شعبے کو بہترین ہنرمند افرادی کی فراہمی کویقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :