برادر ملک سعودی عرب کی خود مختاری کی خلاف ورزی ہوئی تو دفاع کرینگے‘ تینوں افواج کے سربراہان اور سینئر وزراء پر مشتمل وفد (کل) سعودی عرب میں اہم اجلاس میں شرکت کرے گا‘(کل) قومی اسمبلی اجلاس میں اس بارے پالیسی بیان دونگا،وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کی نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعرات 26 مارچ 2015 23:00

برادر ملک سعودی عرب کی خود مختاری کی خلاف ورزی ہوئی تو دفاع کرینگے‘ ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 مارچ۔2015ء) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سعودی عرب سے ہمارے برادرانہ تعلقات ہیں ، سعودی عرب کی خود مختاری کی خلاف ورزی ہوئی تو دفاع کریں گے ، تینوں افواج کے سربراہان اور سینئر وزراء پر مشتمل وفد (کل) جمعہ کو سعودی عرب جائے گا اور وہاں ایک اہم اجلاس میں شرکت کرے گا ، جس کے بعد کوئی حتمی فیصلہ کرسکیں گے ، میں (کل) قومی اسمبلی کے اجلاس میں اس حوالے سے اپنا پالیسی بیان دوں گا ۔

وہ جمعرات کو نجی ٹی وی سے گفتگو کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تین دہائیوں کی تاریخ نے ہمیں بہت کچھ سکھایا ہے ، ہم کسی فرقہ ورانہ فساد کا حصہ نہیں بنیں گے ۔ خواجہ آصف نے کہا کہ سعودی عرب ہمارا برادر اسلامی ملک ہے جس کا ہر صورت میں دفاع کریں گے فی الحال سعودی عرب کی جغرافیائی حدود کی خلاف ورزی نہیں ہوئی لیکن اگر مشکل صورتحال آئی تو ہر صورت میں سعودی عرب کا دفاع کریں گے ۔

(جاری ہے)

سعودی عرب نے 1999ء میں جب ہم پر پابندیاں لگی تھیں تو اس وقت ہماری امداد کی تھی اور ہمیں مفت آئل فراہم کیا تھا ہم نے اس کے بدلے کچھ نہیں دیا ۔ پاکستان کے 7 سو فوجی جوان اب بھی سعودی عرب میں کام کررہے ہیں ۔ امت مسلمہ کے 2 مقدس مقامات سعودی عرب میں ہیں جن کا ہر صورت میں دفاع کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے سعودی عرب میں باہمی مشاورت کیلئے تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور سینئر وزراء پر مشتمل ایک وفد (کل) جمعہ کو سعودی عرب جائے جس کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کر سکیں گے ۔