آئی سی سی کا ورلڈ کپ 2019ء کو 10ٹیموں تک محدود کرنیکا حتمی فیصلہ

جمعہ 27 مارچ 2015 15:44

آئی سی سی کا ورلڈ کپ 2019ء کو 10ٹیموں تک محدود کرنیکا حتمی فیصلہ
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار27مارچ ۔2015ء ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ایسو سی ایٹ ٹیموں کے شکووں اور تنقید کے باوجود انگلینڈ میں شیڈول ورلڈ کپ 2019ء کو 10ٹیموں تک محدود کر نے کا فیصلہ کر لیاہے ۔ رچرڈسن نے بتایا کہ ان کے نزدیک ورلڈ کپ میں 10 سے زائد ٹیموں کو شامل کرنےسے بہتر یہ ہے کہ ایسوسی ایٹ ٹیمز کے کھیل کو زیادہ سے زیادہ بہتر بنانے کی کوشش کی جائے تاکہ وہ خود کو منوا سکیں۔

انہوں نے کرکٹ کو فروغ دینے کے حوالے سے بتایا کہ آئی سی سی کی کوشش تھی کہ امریکا سمیت دیگر ممالک میں کرکٹ کو پھیلایا جائے لیکن اب موجودہ ٹیمز کے کھیل کو بہتر بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے امریکی کرکٹ ٹیم کے ورلڈ کپ میں کوالیفائی نہ کرنے پر اظہارِتشویش کرتے ہوئے کہا کہ امریکا میں بہترین ٹیلینٹ موجود ہے اور زمبابوے سے زیادہ کرکٹ امریکا میں کھیلا جاتا رہا ہے، اگر متحدہ عرب امارات ورلڈکپ میں کوالیفائی کرسکتا ہے تو امریکا کیوں نہیں اور آئندہ سالوں میں ہم اسی مسئلے پر توجہ مرکوز رکھیں گے۔

(جاری ہے)

آئی سی سی صدر نے اعتراف کیا کہ ٹی20 کرکٹ کے چھوٹے اور تیز فارمیٹ دیگر فارمیٹ پر بھی خاصے اثر انداز ہوا ہے۔ رچرڈ سن نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ اب یہ کھیل بلے بازوں کے حق میں فائدے مند ثابت ہوا ہے لیکن باؤلنگ سائڈ کے لئے موثر نہیں رہا۔ اس لئے قوانین کو بدلنا ضروری ہوگیا ہے تاکہ باؤلرز کو کارکردگی دکھانے کے زیادہ سےزیادہ مواقع مل سکیں۔

انہوں نے تجویز پیش کی کہ اس کے لئے ایک ممکنہ تبدیلی کی جاسکتی ہے کہ آخری 10 اوورز میں دائرے کے باہر 4 فیلڈرز کے بجائے 5 فیلڈرز کو فیلڈ کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ممکنہ تبدیلی کے ذریعے باؤلرز کو اچھی کارکردگی میں مدد ملے گی جس سے باؤلنگ سائڈ کے حق میں بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔ واضح رہے کہ کوئی بھی ایسوسی ایٹ ٹیم ورلڈ کپ 2015کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہی لیکن آئرلینڈ ٹیسٹ ٹیمز کو شکست دینے میں کامیاب رہی جس کی بنأ پر ان کے حامیوں کا ماننا ہے کہ ٹیمز کی تعداد کم کرنے سے کرکٹ دنیا میں پھیلنے کے بجائے سِمٹ کر رہ جائے گی۔

خیال رہے کہ اس ورلڈ کپ میں کھیلنے والی ٹیمز کی جانب سے تین دفعہ 400 سے زائد رنز اسکور کئے جا چکے ہیں جبکہ کرس گیل سمیت مارٹن گپٹل نے ڈبل سنچریاں بنائیں۔ ایسوسی ایٹ ٹیموں کے شکوے اور تنقید کے باوجود 2019 میں ہونے والا آئندہ کرکٹ ورلڈ کپ دس ٹیموں کےدرمیان کھیلا جائے گا۔