صوبائی وزیر محنت راجہ اشفاق سرور کی ڈی جی خان بار ایسوسی ایشن کے وفدسے ملاقات

جمعہ 27 مارچ 2015 16:04

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ۔2015ء) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے غریب اور کم وسیلہ لوگوں کو سستے اور فوری انصاف کی فراہمی کے لیے وکلاء برادری کا کردار قابل ستائش ہے، حکومت جنوبی پنجاب کے وکلاء کے مسائل کے حل اور انہیں اپنے فرائض کی انجام دہی میں بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔

انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ڈیرہ غازی خان بار ایسوسی ایشن کے صدر سلیم رضا کاکڑ کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وکلاء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ جنرل سیکرٹری ڈی جی خان بار ایسوسی ایشن سلیم خان کھوسہ، رکن بار عارف گور مانی اور راجہ جہانزیب ایڈووکیٹ بھی وفد میں شامل تھے۔ وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ ڈی جی خان بار ایسوسی ایشن وکلا ء کے مسائل کے حل اور حقو ق کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔

(جاری ہے)

وکلاء نے ہر دور حکومت میں کسی بھی قسم کے دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر انصاف کی بلا تفریق فراہمی اور جمہوری اقتدار کے فروغ کے لیے گراں قدر قربانیاں پیش کی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جنوبی پنجاب کے مزدور طبقے اور صنعتی کارکنوں کو لیبر لا ز کے تحت حقوق کی فراہمی، استحصال اور ذیادتی سے بچانے اور فوری انصاف کی فراہمی کے لیے ڈی جی خان بارایسوسی ایشن اپنی کوششوں کو جاری رکھے گی۔ راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ ڈی جی خان بار کونسل جنوبی پنجاب کے وکلاء کی نمائندہ ہے اور حکومت پنجاب بار کونسل کی نشاندہی اور تجاویز کو مدنظر رکھ کے یہاں کے وکلاء کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے گی اور انہیں ہر ممکن سہولیات اور وسائل فراہم کرے گی ۔