آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے 52کروڑ ڈالر قسط کی منظوری دیدی ،آئندہ چند روز میں پاکستان کو رقم مل جائے گی، آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کے بعد اعلامیہ جاری

جمعہ 27 مارچ 2015 21:50

آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے 52کروڑ ڈالر قسط کی منظوری دیدی ،آئندہ چند ..

واشنگٹن/ اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 مارچ۔2015ء) آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے 52کروڑ ڈالر قسط کی منظوری دے دی، منظوری آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں دی گئی جبکہ چند ہی روز میں پاکستان کو مذکورہ رقم جاری کر دی جائے گی۔ جمعہ کو آئی ایم ایف کے اعلامیے کے مطابق بورڈ آف ایگزیکٹو کے اجلاس نے پاکستان کیلئے نئے توسیعی قرضے (ای ایف ایفْ) کی چھٹی قسط کی منظوری دے دی جو52کروڑ ڈالر ہو گی۔

(جاری ہے)

اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف نے اگست 2013میں پاکستان کیلئے 6.64 ارب ڈالر کا نیا توسیعی قرضہ منظور کیا تھا جبکہ اب تک پاکستان 3.7 ارب ڈالر وصول کر چکا ہے، جبکہ آئی ایم ایف جائزہ مشن اور وفاقی وزارت خزانہ نے فروری 2015 کے پہلے ہفتے کے دوران چھٹی سہ ماہی کے جائزہ مذاکرات کامیابی سے مکمل کئے تھے، جس کے بعد آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں 52 کروڑ ڈالر کی چھٹی قسط کی منظوری یقینی ہو چکی تھی۔ مزید واضح ہو کہ آئی ایم ایف سے 52 کروڑ ڈالر کی قسط ملنے کے بعد پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر مزید مستحکم ہوں گے جس کے روپے کی قدر بھی مزید مستحکم ہونے کے امکانات ہیں۔