پی سی بی کا ون ڈے کرکٹ کی کپتانی اظہر علی کو سونپنے کا فیصلہ

ہفتہ 28 مارچ 2015 12:29

پی سی بی کا ون ڈے کرکٹ کی کپتانی اظہر علی کو سونپنے کا فیصلہ

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار28مارچ ۔2015ء ) ورلڈ کپ 2015ء میں شرمناک کاکر دگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈھانچے میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اظہر علی کو ون ڈے ٹیم کا کپتان بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پی سی بی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیو ں کا فیصلہ کیا جاچکا ہے اور ذرائع کے مطابق کیسینوسکینڈل میں ملک کا نام بدنام کر نے والے چیف سلیکٹر معین خان کی جگہ ہارون رشید کو دیئے جانے کا امکان ہے ۔

ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد مصباح الحق صرف ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کر یں گے اور اظہر علی انکے نائب ہوں گے ۔ ون ڈے ٹیم کی کپتانی اظہر علی کو دینے کافیصلہ کیا گیا ہے جبکہ وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد ان کے نائب ہوں گے ۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق بنگلا دیش کیخلاف مئی سے شروع ہونے والی سیریز کیلئے محمد حفیظ، سعید اجمل اور جنید خان کی ٹیم میں واپسی کا امکان ہے جب کہ احمد شہزاد اورعمر اکمل کو بنگلا دیش کے خلاف ٹیم میں شامل نہ کئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، شعیب ملک، کامران اکمل اور عمر گل کو بنگلا دیش کیخلاف سیریز کے لئے بھی طلب نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

آئی سی سی ورلڈ کپ کے آخری گروپ میچ میں آئر لینڈ کے خلاف انجرڈ ہونے والے فاسٹ بولر محمد عرفان کی شرکت بھی مشکوک ہے۔ شاہد آفریدی کی جانب سے ورلڈ کپ کے بعد کچھ آرام کے فیصلے کے بعد اس بات کا امکان ہے کہ سرفراز احمد کو بطور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان کے طور پر گراؤنڈ میں اتارا جائے۔

ذرائع کے مطابق چیئر مین پی سی بی شہریار خان نے پی سی بی کے گورننگ بورڈ کا اجلاس منگل کو طلب کر لیا ہے جس کے بعد ان تمام فیصلوں کا حتمی اعلان کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :