Live Updates

عمران خان کی مبینہ آڈیو ٹیپ کا منظر عام پر آنا غیر اخلاقی ہے ، عمران اور قادری نے پارلیمنٹ پر حملہ کراکے ایک دوسرے کو مبارکبادیں دیں، ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے وزیراعظم سے ملاقات میں تمام تحفظات سے آگاہ کردیا ، کراچی کے امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ، آپریشن کا مقصد ایم کیوایم یا کسی سیاسی جماعت کو دیوار سے لگانا نہیں ہے ، سعودی عرب کا تحفظ ہمارا اولین فرض ہے ، مقدس سرزمین کی پامالی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے،

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا ریلوے اسٹیڈیم میں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 28 مارچ 2015 22:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ2015ء ) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان اور عارف علوی کی مبینہ آڈیو ٹیپ کا منظر عام پر آنا غیر اخلاقی ہے اورتحریک انصاف کے سیاسی حریف ہونے کے باوجود اس کی مذمت کرتے ہیں ‘ عمران خان اور طاہر القادری نے پارلیمنٹ پر حملہ کرکے ایک دوسرے کو مبارکبادیں پیش کیں اس وقت اس واقعہ کو غیر جمہوری قرار دیا گیا اب اس پر مزید بات نہیں کروں گا‘ایم کیو ایم نے وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات میں تمام تحفظات ٹیبل پر رکھ دیئے ہیں تاہم کراچی کے امن پر کسی بھی قسم کا کمپرومائز نہیں کریں گے‘کراچی میں رینجرز کا آپریشن ایم کیوایم یا کسی بھی سیاسی جماعت کو دیوار سے لگانا نہیں ہے کراچی کی تمام سیاسی جماعتوں کو اپنی صفوں سے بھتہ خوروں اور دہشت گردوں کو باہر نکالنا ہو گا ‘ایسے کرائمنلزجو سیاسی جماعتوں کے کنٹرول سے باہر ہو چکے ہیں انہیں جیلوں میں ڈالنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کو ریلوے اسٹیڈیم گڑھی شاہو میں ریلوے کے کھلاڑیوں میں سالانہ تقریب انعامات کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے مزیدکہاکہ پارلیمنٹ پر عمران خان اور طاہر القادری کی جانب سے حملے سے پہلے جو گفتگو ریکارڈ کی گئی اور اسے اب منظر عام پر لایا گیا اس عمل کو تحریک انصاف کی حریف جماعت ہونے کے باوجود کسی بھی صورت درست قرار نہیں دوں گا یہ غیر اخلاقی اور غیر قانونی ہے جبکہ پارلیمنٹ پر حملہ کرنے کے بعد عمران خان اور طاہر القادری نے ایک دوسرے کو مبارکبادیں دیں جس پر ہم نے اس واقعہ کو غیر جمہوری اور غیر آئینی قرار دیا تھا لیکن اب اس پر مزید بات نہیں کروں گا ۔

انہوں نے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ کے وفد کی وزیراعظم میاں نوازشریف سے ملاقات ہو گئی ہے جس میں ایم کیو ایم نے کھل کر اپنے تحفظات کا اظہار کر دیا ہے اور جہاں تک کراچی کے امن کا تعلق ہے تو اس پر کسی بھی قسم کا کوئی کمپرومائز نہیں کریں گے ہمیں ہر حالت میں کراچی میں امن چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ ہم ایم کیو ایم سمیت کسی بھی سیاسی جماعت کو دیوار سے نہیں لگانا چاہتے اور اب وہ دور گیا جب حکومت اپنے مد مقابل اپوزیشن سیاسی جماعتوں کو سبوتاژ کرنے کیلئے حکومتی مشینری استعمال کرتی تھی اور اب وہ وقت کبھی بھی لوٹ کر نہیں آئے گا ۔

انہوں نے کہاکہ کراچی کی سیاسی جماعتوں کو اپنی صفوں سے جرائم پیشہ اور بھتہ خوروں کو اپنے درمیان سے باہر نکالنا ہو گا اور ان جرائم پیشہ افراد اور بھتہ خوروں کو دہشت گردوں کی طرح نہیں چھوڑیں گے جبکہ ہماری کسی بھی سیاسی جماعت سے کوئی لڑائی نہیں ہے کراچی میں مار دھاڑ ایم کیو ایم سے پہلے سے ہی شروع ہے اور شہر مختلف حصوں میں تقسیم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کراچی آپریشن میں صرف رینجرز ہی کافی نہیں بلکہ اس کیلئے قانونی اورآہنی ہاتھ استعمال کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ سیاسی جماعت اور جرائم پیشہ افراد دونوں الگ الگ چیزیں ہیں تمام سیاسی جماعتوں کو ایسے تمام لوگوں کو لگام ڈالنا ہو گی جو ان کے کنٹرول سے باہر ہو چکے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان میں وقت کے ساتھ ساتھ اورآہستہ آہستہ سیاسی میچورٹی آ رہی ہے وہ بولتے زیادہ ہیں اور ثبوت کے بغیر ہی الزام بھی لگا دیتے ہیں ۔تقریب سے خطاب میں خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ 2014ء میں پاکستان ریلوے کی حالت انتہائی خراب تھی تاہم اب اسے پاؤں پر کھڑا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اورسپورٹس کیلئے 87لاکھ روپے مختص کئے ہیں جو 2016ء میں 2کروڑ روپے تک لے جائیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ ریلوے کو مکمل تباہی سے بچانے والے ریلوے کے مزدور ، ٹریڈ یونین اور اعلیٰ لائق افسران ہیں اور وہ لوگ جو لوٹ مار کرنے آئے تھے ان سب کو ایک ایک کرکے سائیڈ پر لگا دیا گیا ہے اور اب تک 20افسران اور ملازمین کو معطل کیا جا چکا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اسلام آباد سے کراچی تک نئی جدید ٹرین چلانے کے علاوہ ہر ماہ 300مال گاڑیاں چلا رہے ہیں جبکہ پہلے ایک روزمیں صرف 8گاڑیاں چلائی جا تی تھیں تاہم اب اس تعدادکو 12تک پہنچائیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ جام شورو پاور پلانٹ میں سپلائی ٹینکرز کے ذریعے ہوتی رہی ہے اب ریلوے روزانہ ایک ٹرین جام شورو تک سپلائی کرے گا اور لوکو موٹیو کی تعدا د 100تک لے جائیں گے اور آئندہ 24ماہ میں ملک بھر میں ریلوے کی زمین کمپیوٹرائزڈ کر دی جائے گی اور فراڈ سے ہماری جان چھوٹ جائے گی جس کے بعد کسی شخص یا ادارے کو ریلوے کی زمین پر قبضہ کرنے کی جرات نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ ریلوے کو صرف 65ارب روپے خرچ کرنے کی اجازت ہے لیکن ہم اپنا خرچ 61ارب روپے تک کریں گے اور وفاقی حکومت نے 28ارب روپے کمانے کا ٹارگٹ دیا ہے لیکن ہم 30ار ب روپے تک کمائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ ریلوے ملازمین کی تنخواہ سے 5فیصد لیبر کالونیز کی مرمت کیلئے کٹوتی کے باوجود معاملات جو ں کے توں رہے لیکن اب 30کروڑ روپے کی لاگت سے خوبصورت کوارٹرز تعمیر کئے جائیں گے جبکہ مجھے تمام آفیسر ز کے بڑے بڑے گھر ایک آنکھ نہیں بھاتے انگریز چلے گئے ہیں وہ اپنی نشانیاں چھوڑ گئے ۔

یمن میں پاکستانی فوجیوں کو بھجوانے کے سوال پر خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ سعودی عرب ہماراد وست ملک ہے جس نے ہر برے وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے اگر کسی سے ایک ڈالر بھی مانگنا پڑ جائے تو وہ 10،10انگوٹھے لگواتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مکہ اور مدینہ المنورہ ہمارے لئے مقدس مقامات ہیں اور سعودی عرب کی سلامتی کو پامال کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے تاہم وزارت خارجہ اس معاملے کو اچھی طرح ہینڈل کرے گی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات