یمن کے معاملے پر وزیراعظم پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں، خورشید شاہ

دیگر معاملات پر اے پی سی ہو سکتی ہے تو یمن اور سعودی عرب کے معاملے پر کیوں نہیں،کراچی میں دہشتگردوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی جاری ہے، میڈیا سے گفتگو

اتوار 29 مارچ 2015 13:15

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مارچ۔2015ء) قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم یمن کے معاملے پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں، سعودی عرب سے برادرانہ تعلقات ہیں لیکن ہم بھی تو حالت جنگ میں ہیں۔

(جاری ہے)

قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے سکھر میں رہائشگاہ کے باہر میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ دیگر معاملات پر اے پی سی ہو سکتی ہے تو یمن اور سعودی عرب کے معاملے پر کیوں نہیں،کراچی میں دہشتگردوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی جاری ہے، کسی مخصوص سیاسی جماعت کونشانہ نہیں بنایا جارہا، نائن زیرو سے پکڑے گئے ملزم حراست میں ہیں، ان کا کہنا تھا کہ سیاسی پارٹیوں میں عسکری ونگ نہیں ہونا چاہئے، کسی بھی جماعت کو دیوار سے نہیں لگانا چاہئے۔