ورلڈ کپ2015: فائنل زندگی کاآخری میچ دیکھا ۔مارٹن کرو

اتوار 29 مارچ 2015 14:52

ورلڈ کپ2015: فائنل زندگی کاآخری میچ دیکھا ۔مارٹن کرو

ویلنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مارچ۔2015ء) کینسر کے جان لیوا مرض میں مبتلا نیوزی لینڈ کے سابق کپتان مارٹن کرو کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ فائنل شاید ان کی زندگی کا آخری میچ تھا جسے انہوں نے دیکھا مارٹن کرو کینسر کے جان لیوا مرض لیم فوما میں مبتلا ہیں۔ ڈاکٹروں نے انہیں بتایا ہے کہ اس بیماری کے صرف پانچ فیصد مریض ایک سال تک زندہ رہ پاتے ہیں۔

باون سالہ مارٹن کرو میلبرن کرکٹ گراونڈ میں اپنے ہم وطنوں کو پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کا فائنل کھیلتادیکھا۔ مارٹن کرو نے ورلڈ کپ کے اکیس میچوں میں پچپن کی اوسط سیآٹھ سو اسی رنز اسکور کئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ زندگی میں شاید وہ آئندہ کوئی میچ نہیں دیکھ سکیں گے۔مارٹن کرو کی قیادت میں نیوزی لینڈ کو ورلڈکپ انیس سوبانوے کے سیمی فائنل میں پاکستان نے شکست دی تھی۔

(جاری ہے)

ہمسٹرنگ انجری کے باوجود کرو نے اس میچ میں نوے رنز بنائے تھے۔مارٹن کرو نیوزی لینڈ کی تاریخ کے دوسرے کامیاب ترین بیٹسمین ہیں۔ انہوں نے پینتالیس کی اوسط سے پانچ ہزار چار سو چوالیس رنز بنائے۔ کیوی ٹیم کے اوپنر مارٹن گپٹل اور سابق کپتان راس ٹیلر کی موجودہ کامیابی میں مارٹن کرو کی محنت کا بھی بڑا حصہ ہے۔ مارٹن گپٹل نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ریکارڈ دوسو سینتیس رنزبنائے تھے۔ان دونوں کھلاڑیوں کی کارکردگی نے مارٹن کرو کو موت سے لڑنے کا حوصلہ دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ بیٹے جیسے ٹیلر اورگپٹل کو سیاہ کٹ میں ساتھیوں کے ساتھ میدان میں عمدہ کھیلتے دیکھنابہت خوشگوار ہوتاہے۔ فائنل میں سارا دن میں نے اپنے اشکوں کو روک کرانہیں کھیلتادیکھا۔