آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2015ء سپر ہٹ قرار ،پاک بھارت مقابلے میں ناظرین کی تعداد ریکارڈ توڑ ثابت ہوئی

پہلی بار ڈبل سنچریاں بنیں، فائنل سے قبل تک 38تھری فیگر اننگز سامنے آئیں، مقبولیت کے نئے ریکارڈز قائم ہوئے‘آئی سی سی

اتوار 29 مارچ 2015 17:49

میلبورن( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مارچ۔2015ء ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ورلڈ کپ 2015ء کو سپر ہٹ قرار دے دیا، پاک بھارت مقابلے کے ناظرین کی تعداد ریکارڈ توڑ ثابت ہوئی، پہلی بار ڈبل سنچریاں بنیں، فائنل سے قبل تک 38تھری فیگر اننگز سامنے آئیں، مقبولیت کے نئے ریکارڈز قائم ہوئے ۔تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اعدادوشمار کے تناظر میں ورلڈ کپ 2015ء کو انتہائی کامیاب قرار دیا ہے، اس ایونٹ میں فائنل سے قبل تک 2ڈبل سنچریاں بنیں، 7مرتبہ انفرادی اسکور 150سے آگے گیا جبکہ مجموعی طور پر 38سنچریاں سامنے آئیں۔

گزشتہ سات ہفتوں کے دوران آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں بیٹسمینوں کی مار دھاڑ عروج پر نظر آئی جبکہ بولرز بھی پیچھے نہیں رہے، 28مرتبہ چار یا زائد وکٹوں کا کارنامہ انجام دیا گیا، 2ہیٹ ٹرکس ہوئیں۔

(جاری ہے)

کھلاڑیوں اور آفیشلز کی جانب سے پچز، آؤٹ فیلڈ اور ٹریننگ سہولیات کو سراہا گیا۔ بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان 22فروری کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر منعقدہ میچ کے کراؤڈ کی تعداد 86ہزار رہی۔

اس مرتبہ میگا ایونٹ زیادہ ممالک میں ناظرین نے دیکھا، مجموعی طور پر نشریات کے لیے44لائسنس دیے گئے، 220ممالک میں 7زبانوں میں ایونٹ دکھایا گیا، پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ میں ناظرین کی تعداد کے ریکارڈز ٹوٹ گئے۔صرف بھارت میں اس مقابلے کو 28کروڑ 80لاکھ افراد نے دیکھا۔ آسٹریلیا میں 2کروڑ دس لاکھ لوگوں نے ٹی وی پر کینگروز کے ہاتھوں انگلش ٹیم کی پٹائی کا نظارہ کیا۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن کا کہنا ہے کہ یہ اعدادوشمار ایونٹ کی بے پناہ کامیابی کا ثبوت ہیں، یہ ورلڈ کپ دیکھنے اور کراؤڈ کے لحاظ سے کرکٹ تاریخ کا کامیاب ترین ایونٹ ثابت ہوا، اس مرتبہ کوریج کے لئے 1400میڈیا ممبرز ایونٹ میں شریک ہوئے۔