یمن میں بغاوت شیعہ سنی فساد نہیں امریکہ اپنے مذموم ایجنڈے کی تکمیل کیلئے فرقہ وارانہ فسادات کا تاثر دے رہا ہے: محمد جمیل،

امت مسلمہ دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اتحاد ویگانگت سے صیہونی قوتوں کے مذموم ایجنڈے کو ناکام بنا دے،مرکزی صدر پاکستان جمہوری اتحاد

اتوار 29 مارچ 2015 18:50

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدر محمد جمیل نے کہا ہے کہ یمن میں بغاوت شیعہ سنی فساد نہیں امریکہ اپنے مذموم ایجنڈے کی تکمیل کیلئے فرقہ وارانہ فسادات کا تاثر دے رہا ہے،آج یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا امریکہ اسرائیل اور بھارت سمیت دیگر اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کو آپس میں لڑا کرانہیں کمزورکرنے کی سازش کررہی ہیں اورمسلم ممالک کے قدرتی وسائل تک رسائی کیلئے نیا جال بچھایا جارہا ہے،امت مسلمہ دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اتحاد ویگانگت سے صیہونی قوتوں کے مذموم ایجنڈے کو ناکام بنا دے،انہوں نے کہاامریکہ افغانستان،عراق ،لیبیا اور شام کے بعد اب سعودی عرب کا رخ کرتا نظر آرہا ہے، سعودی حکمران امریکہ کے پٹھو بنے ہوئے تھے اوران مسلم ممالک پر قابض ہونے میں بھی سعودی حکمرانوں نے امریکہ کی بھرپور مدد کی،پاکستان کو سعودی عرب میں اپنی فوج ہرگز نہیں بھیجنی چاہیئے ،سعودی عرب اپنے مفادات کا خود خیال رکھے اور آجتک جو رویہ اس نے دیگر مسلم ممالک کے ساتھ روا رکھا ہے اس کاخمیازہ بھی خود ہی بھگتے ،انہوں نے کہا او آئی سی نے بھی مسلمانوں کو نقصان سے بچانے میں کبھی کوئی کارنامہ سر انجام نہیں دیا اور او آئی سی کی بے حسی کے باعث ہر جگہ مسلمانوں کا ہی قتل عام ہورہا ہے ، امریکہ، اسرائیل اور بھارت کی مکروہ نظریں پاکستان کے نیو کلیئر پروگرام پر بھی ہیں مگر انشااللہ پاکستان کی عظیم مسلح افواج اپنے دشمنوں کومزاچکھانے کی بھر پو ر صلاحیت رکھتی ہے اور پوری قوم بھی افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔