آئی سی سی نے ورلڈ کپ 2015 کی بہترین 12 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا

پیر 30 مارچ 2015 10:07

آئی سی سی نے ورلڈ کپ 2015 کی بہترین 12 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار30مارچ ۔2015ء ) انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے ورلڈکپ 2015ء کے لیے 12رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے ، کوئی پاکستانی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکا ۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ورلڈ کپ میں بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل 12 رکنی ٹیم کا اعلان کیا گیا ۔ ٹیم میں نیوزی لینڈ کے 5 ، آسٹریلیا کے 3 ، جنوبی افریقہ کے 2 ، سری لنکا ، اور زمبابوے کا 1،1 کھلاڑی شامل کیا گیا ہے ۔

نیوزی لینڈ کے برینڈن میکولم کو ورلڈ کپ 2015 ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ۔

(جاری ہے)

انہیں ٹورنامنٹ میں جارحانہ کھیل کے علاوہ شاندار قائدانہ صلاحیتوں کی وجہ سے کپتان منتخب کیا گیا ۔ میکولم نے چار نصف سنچریوں سمیت 328 رنز کا ٹوٹل جمع کیا تھا ۔ نیوزی لینڈ سے برینڈن میکولم کے علاوہ ڈبل سنچری میکر مارٹن گپٹل ، کورے اینڈرسن ، ڈینئیل ویٹوری ، ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں ۔ آسٹریلیا کی جانب سے سٹیون سمتھ ، گلین میکسویل اور مچل سٹارک کو بھی میگا ایونٹ کی ٹیم میں شامل رکھا گیا ہے ۔ جنوبی افریقہ ٹیم سے اے بی ڈی ویلئیرز اور مورنے مورکل کو بھی ورلڈ کپ ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے ۔ سری لنکا کے کمار سنگا کارا وکٹ کیپر جبکہ زمبابوے کے برینڈن ٹیلر کو 12ویں کھلاڑی کے طور پر شامل کیا گیا ہے ۔