خیرپور کے پرائیویٹ اسکولوں نے نئے تعلیمی سال میں فیسوں میں حیرت انگیز اضافہ کردیا

پیر 30 مارچ 2015 13:19

خیرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء) خیرپور کے پرائیویٹ اسکولوں نے نئے تعلیمی سال میں فیسوں میں حیرت انگیز اضافہ کردیا، صوبائی وزیر تعلیم، صوبائی سیکریٹری تعلیم، کمشنر سکھر، ڈپٹی کمشنر خیرپور اس طرف توجہ دیں، حد سے زیادہ فیس بڑھانے والے اسکولوں کے لائسنس معطل کئے جائیں۔ تفصیلات کے مطابق خیرپور میں پرائیویٹ اسکولوں نے تعلیم کو تجارت بنا لیا ہے اور راتوں رات امیر بننے کیلئے جائز وناجائز طریقے سے دولت کمانے کے چکر میں ہیں۔

(جاری ہے)

نجی اسکولوں نے نئے تعلیمی سال جو یکم اپریل سے شروع ہورہا ہے میں طلبہ وطالبات کی فیسوں میں نہ صرف اضافہ کردیا ہے بلکہ ایڈمیشن فیس بھی بڑھا دی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ نجی اسکولوں میں پڑھائی جانے والی کتب بھی تبدیل کی جارہی ہیں اور ان کتب کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا جارہا ہے۔ اسکولوں میں فیسوں میں اضافے کے باعث طلبہ وطالبات کے والدین نے کہا کہ پرائیویٹ اسکولوں میں اس مہنگائی کے دور میں اضافہ والدین کیلئے پریشانی کا باعث ہے، والدین نے مطالبہ کیا کہ تعلیم کو تجارت بنانے والے نجی اسکولوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔