جماعت اسلامی3تا15اپریل رابطہ عوام مہم کے ذریعے ایک کروڑ لوگوں کوممبر بنائے گی، جماعت اسلامی موروثیت سے پاک اور بے داغ قیادت کی وجہ سے ملک میں منفردمقام رکھتی ہے

امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر وسیم اختر کا بیان

پیر 30 مارچ 2015 17:45

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء ) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب و پارلیمانی لیڈر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختراور سیکرٹری جنرل نذیراحمدجنجوعہ نے کہاہے کہ جماعت اسلامی3تا15اپریل تک”رابطہ عوام مہم“شروع کررہی ہے جس میں ایک کروڑلوگوں کوجماعت اسلامی کا ممبربنایاجائے گا۔اس کے لئے تمام اضلاع کوہدایات اور ہدف دے دیاگیا ہے۔

صوبہ پنجاب میں بھی رابطہ عوام مہم کی تیاریاں اور انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ پیر کو اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ اس دعوتی مہم کا سلوگن ”اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان“ہے زیادہ سے زیادہ لوگوں کوممبربنانے کے لئے تمام اضلاع کے اہم شہروں میں کیمپ لگائے جائیں گے۔دعوتی مہم کے دوران موثر افراد سے خصوصی وفد ملاقاتیں کریں گے اور ان کو جماعت اسلامی کا پیغام دیاجائے گا۔

(جاری ہے)

شہروں کی غریب آبادیوں،چھوٹے بازاروں،عوامی مقامات،کھیل کے میدان،پوش آبادیوں،عوامی مقامات،اقلیتوں کی آبادیوں کوفوکس کیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ سیاسی بحرانوں،حکومتی نظام کی ناکامی اور عالمی سطح پر ظلم وجبر کے علاوہ مغربی تہذیب کے عروج کے بعد زوال اور مغربی سرمایہ دارانہ استحصالی نظام کی ناکامی نے عوام کی سوچ میں تبدیلی پیداکی ہے یہی وجہ ہے کہ لوگ جماعت اسلامی کی محب وطن اور بے داغ قیادت کو درپیش مسائل کانجات دہندہ سمجھتے ہیں۔

عوام کے تمام طبقات ملک میں سبزانقلاب چاہتے ہیں۔اب وقت آگیا ہے کہ اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے ملک میں اللہ اور اس کے رسول کانظام رائج کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ رابطہ عوام مہم کو کامیاب بنانے کے لئے بڑی شاہراہوں پر ہورڈنگزلگائے جائیں گے اور پورے ضلع میں چھوٹے بینرز اور فلیکس لگاکر اس کاماحول پیدا کیا جائے گا۔ہر سطح پرخواتین نظم سے رابطہ کرکے انہیں اس مہم میں پوری طرح شامل کیاجائے گا۔

جماعت اسلامی کی دعوت بلاتفریق مذہب ومسلک اور سیاسی وابستگی ہر شخص کو پہنچائی جائے گی۔الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے بھرپوراستعمال کوبھی یقینی بنایاجائے گا۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق،قیم جماعت لیاقت بلوچ،امرائے صوبہ اور دوسرے صوبائی ذمہ داران مختلف اضلاع کے دورے کریں گے۔جماعت اسلامی پنجاب کے رہنماؤں نے مزید کہاکہ جماعت اسلامی نے عوام اور بالخصوص نوجوانوں کے لئے اپنے دروازے کھول دیئے ہیں۔

پاکستان جماعت اسلامی کی واحد سیاسی ودینی جماعت ہے جو موروثیت سے پاک ہے۔مختلف ادوار میں ہمارے1000سے زائد نمائندے اسمبلیوں اور سینیٹ اور مقامی حکومتوں میں رہے الحمدللہ کسی ایک پر بھی کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کاالزام نہیں۔عوام اس ملک میں حقیقی تبدیلی کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔

متعلقہ عنوان :