پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور خود مختاری کی مکمل حمایت کیلئے پر عزم ہے ، مشرق وسطیٰ کے بحران کا پرامن حل چاہتے ہیں ، مسلم امہ کے اتحاد و یکجہتی کو برقرار رکھا جائے ،او آئی اس حوالے سے اپنا کردار اداکرے ، وزیراعظم جلد اسلامی ممالک کے سربراہوں سے رابطے بھی قائم کریں گے،

وزیراعظم کی صدارت میں ہونیوالے اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ

پیر 30 مارچ 2015 21:18

پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور خود مختاری کی مکمل حمایت کیلئے پر عزم ..

اسلام آبا د( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء ) وزیراعظم نواز شریف کی صدارت میں ہونیوالے اجلاس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور خود مختاری کی مکمل حمایت کرتا ہے اور وہ اس کے تحفظ کے لئے پر عزم ہے ، پاکستان کی خواہش ہے کہ مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونیوالی صورتحال کا پرامن حل تلاش کیا جائے اور مسلم امہ کے اتحاد و یکجہتی کو برقرار رکھا جائے ، وزیراعظم نواز شریف جلد اس سلسلے میں اسلامی ممالک کے سربراہوں سے رابطے بھی قائم کریں گے ۔

پیر کو وزیراعظم ہاؤس میں اعلیٰ سطح کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونیوالی تازہ ترین صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ، اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار ، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف ، وزیر اعظم کے مشیر خارجہ امور قومی سلامتی سرتاج عزیز ، چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف ، چیف آف ایئرسٹاف ایئرچیف مارشل سہیل امان ، سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور خود مختاری کی مکمل حمایت کرتا ہے ، سعودی عرب پاکستان کا قریبی دوست ملک ہے ۔ اجلاس میں اس رائے کا بھی اظہار کیا گیا کہ پاکستان کی یہ خواہش ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اس کا بہتر انداز میں پرامن حل نکالنے کیلئے پاکستان اپنا مثبت کردار ادا کرے گا تاکہ خطے میں امن و استحکام کی صورتحال قائم رہے اور وزیراعظم عنقریب اسلامی ممالک کے سربراہوں سے رابطے بھی قائم کریں گے ۔ اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان اقوام متحدہ او آئی سی اور عالمی برادری سے استدعا کرتا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونیوالی صورتحال پرامن سیاسی حل تلاش کرنے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرے ۔