Live Updates

کنٹونمنٹ میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد، لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کا موَقف مان لیا۔

پیر 30 مارچ 2015 21:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30مارچ۔2015ء) ‬‎ لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کی کنٹونمنٹ علاقوں میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے درخواست منظور کرتے ہوئے کنٹونمنٹ کے علاقوں میں جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم جاری کیا ہے ۔ تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چودھری اور پی ٹی آئی کنٹونمنٹ لاہور کے صدر اویس یونس کی طرف سے دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے غیر جماعتی بنیادوں پر کنٹونمنٹ ایریا میں بلدیاتی الیکشن کروانے کی متعلقہ قانونی دفعات کو آئین سے متصادم قرار دے کر کالعدم قرار دے دیا ہے اور ریمارکس دیے کہ اعلی ٰ عدالتیں پہلے ہی غیر جماعتی بنیادیوں پر الیکشن کروانے کو غیر آئینی قرار دے چکی ہیں۔

تاہم کنٹونمنٹ کے علاقوں میں نئی انتخابی حلقہ بندیوں کے لئے دائر درخواستوں کی سماعت کو جون تک ملتوی کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ان درخواستوں کے حوالے سے فاضل جج کا کہنا تھا کہ چونکہ انتخابی شیڈول جاری ہوچکا ہے لہذا عدالت مناسب خیال کرتی ہے کہ انتخابی عمل کو متاثر نہ کیا جائے ۔ فاضل جج نے یہ ہدایت بھی کی کہ آئندہ ماہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات کا موجودہ شیڈول متاثر کئے بغیر جماعتی بنیادوں پر انتخابی عمل مکمل کیا جائے ۔

عدالت کی جانب سے مختصر فیصلہ سنائے جانے کے بعد تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چودھری کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ کے احاطہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تحریک انصاف نیا پاکستان بنانا چاہتی ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے پارلیمنٹ اور عدلیہ سمیت تمام راستے اختیار کیے جا رہے ہیں ۔انہوں نے اس موقع پر عدالتی فیصلے پر آزاد عدلیہ کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات