ہائیکورٹ کی جانب سے بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادں پر کرانے کا حکم درست سمت قدم ہے ،جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے جمہوریت مضبوط ہوگی ،

مسلم لیگ(ق) کی رکن پنجاب اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی کا بیان

منگل 31 مارچ 2015 18:20

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31مارچ۔2015ء ) مسلم لیگ(ق) کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی نے لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابا ت جماعتی بنیادوں پر کرانے کے حکم کو درست سمت قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابا ت کے انعقاد سے جمہوریت مضبوط ہوگی۔انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت اپنے مخصوص مقاصد اور اراکین کی خریدو فروخت کیلئے بلدیاتی انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر منعقد کروانا چاہتی ہے لیکن عدالتی فیصلے نے ان کے ان عزائم کو ناکام بنادیا ہے۔

بدھ کو اپنے ایک بیان میں خدیجہ عمرفاروقی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر منعقد ہونے سے کرپشن اور ہارس ٹریڈنگ کا خاتمہ ہوگا ۔

(جاری ہے)

خدیجہ فاروقی نے کہا کہ حکمران جماعت عوام میں اپنی غیر مقبولیت کے باعث بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار اختیار کیئے ہوئے تھی لیکن عوامی دباؤ اور سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایت پر بادل نخواستہ اسے بلدیاتی انتخابات کروانے پر مجبور ہونا پڑا تو اب وہ غیر جماعتی انتخاب منعقد کرواکر خریدو فروخت کے ذریعے اپنے اقتدار کی راہ ہموارکرنا چاہتی تھی ۔

انہوں نے کہا کہ جب قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخابات جماعتی بنیادوں پر منعقد ہوسکتے ہیں تواب عدالت کے احکامات کے مطابق بلدیاتی انتخابات بھی جماعتی بنیادوں پر منعقد ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارے نچلی سطح پر عوامی مسائل کے حل کا فورم ہیں لیکن جب بھی ن لیگ پنجاب میں برسراقتدار آئی اس نے بلدیاتی اداروں پر شب خون مارا اوربلدیاتی انتخابات کو مسلسل زیر التواء رکھا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ اپنے قائدین کی ہدایت پر ہر سطح پر بلدیاتی انتخابات میں بھر پور طریقے سے حصہ لے گی اورکوئی میدان خالی نہیں چھوڑا جائے گا۔