پنجاب یوتھ پارلیمانی کاکس کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری ، وزیر تعلیم نے عہدیداروں حلف لیا،

کاکس کے ارکان کسی بھی سیاسی رنجش یا پارٹی وابستگی کو نوجوانوں کی بہتری کے کاموں میں رکاوٹ نہ بننے دیں‘ رانا مشہود احمد

منگل 31 مارچ 2015 22:55

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31مارچ۔2015ء) وزیر تعلیم و امور نوجواناں پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے پنجاب یوتھ پارلیمانی کاکس کے پیٹرن ان چیف کی حیثیت میں یوتھ کاکس کے نو منتخب عہدیداروں سے ان کی ذمہ داریوں کا حلف لیا۔ اس حوالے سے خصوصی تقریب میں پنجاب یوتھ پارلیمانی کاکس کے پیٹرن (سرپرست)پارلیمانی سیکرٹری برائے یوتھ افیئرز پنجاب چوہدری سرفراز افضل نے بھی شرکت کی۔

یوتھ کاکس کے چیئرمین سردار وقاص حسن موکل ایم پی اے ، جنرل سیکرٹری میاں عرفان دولتانہ ایم پی اے اور خزانچی نبیلہ حاکم علی خان ایم پی اے کے علاوہ پنجاب اسمبلی کی اقلیتی رکن محترمہ میری گل نے کاکس کی وائس چیئرپرسن کے طور پر حلف اٹھایا۔تقریب سے خطاب میں امور نوجواناں کے صوبائی وزیر رانا مشہود احمد خاں نے 35 سال تک عمر کے نوجوان ارکان پنجاب اسمبلی کونصیحت کی کہ وہ اس بات کا عزم کریں کہ کسی طرح کی سیاسی ترجیحات سے بالا تر ہو کر نوجوانوں کی بہتری اور ترقی کے لئے قانون سازی کریں گے اور نوجوانوں کے مسائل کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ ان مسائل کے حل کے لئے موثر تجاویز سامنے لائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے گزشتہ تین عام انتخابات کے موقع پر ہر مرتبہ 70 فیصد سے زیادہ نوجوانوں کو پارٹی ٹکٹ دے کر اسمبلیوں تک پہنچایا ہے۔ رانا مشہود احمد خاں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ یوتھ کاکس کے ارکان ایک دوسرے سے سیکھ کر قومی معاملات میں اپنا نقطہ نظر وضع کریں گے، حکومت کے ساتھ ایک پل کا کام دیں گے اور کسی بھی سیاسی رنجش یا پارٹی وابستگی کو نوجوانوں کی بہتری کے لئے کئے گئے کاموں میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔

رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ جو نوجوان پارلیمنٹرین اعلی اجتماعی مقاصدکے ساتھ وابستہ رہنے کی مثال قائم کریں گے ، جھوٹ اور منافقت سے دور رہ کر کام کریں گے ، وہی فیوچر لیڈر شپ کہلانے کا حق رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یوتھ پارلیمانی کاکس کے ارکان ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے پاکستان کے دیگر صوبوں کی اسمبلیوں کے ساتھ انٹرایکشن کا سلسلہ شروع کریں ، حکومت پنجاب اس حوالے سے انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

پارلیمانی سیکرٹری چوہدری سرفراز افضل نے اپنے تاثرات میں پنجاب یوتھ پارلیمانی کاکس کے قیام کو پاکستان کے باغ میں ایسے گلدستے کا اضافہ قرار دیا جو مفاہمت کے جذبے سے پاکستان کو ایک پر امن مستقبل دینے کا وسیلہ بنے گا۔دریں اثنا،وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے آج ”پڑھو پنجاب …بڑھو پنجاب“ مہم کے آغاز کی تقریب میں شرکت کرنے والے سکولز ایجوکیشن ریفارمز روڈ میپ ٹیم کے ارکان ، سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، کالجوں کی پرنسپلز اور ڈی ایف آئی ڈی کے سپیشل ڈویلپمنٹ اسسٹنٹ سر مائیکل باربرکے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا۔

تقریب میں صوبائی وزیر ہاؤسنگ ، مواصلات و تعمیرات تنویر اسلم ملک، وزیر صنعت چوہدری شفیق ،سیکرٹری لٹریسی ڈاکٹر نوید چوہدری، سیکرٹری سکولز پنجاب عبدالجبار شاہین ، ڈائریکٹر پی ایم آئی یو آصف اقبال ، چیئرمین ہائر ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر نظام الدین ، چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن انجینئر قمر الاسلام راجہ ، چیئرمین ٹیکسٹ بک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد اکرم خان، چیئرمین پی آئی ٹی بی ڈاکٹر عمر سیف اور دیگر ماہرین تعلیم کے علاوہ صدر لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن مسعود چشتی اور معاشرے کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے عمائدین نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :