سی سی پی اولاہور امین وینس نے ٹریفک سیکٹر نولکھاکی نئی عمارت اور لرنر بوتھ کا افتتاح کر دیا

پولیس فورس کو خوشگوار ماحول فراہم کرنے سے ہی بہترین نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں ‘ امین وینس

بدھ 1 اپریل 2015 18:19

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) سی سی پی او لاہورکیپٹن (ر) امین وینس نے ٹریفک سیکٹرنولکھا کی نئی عمارت اور لرنر بوتھ کا افتتاح کر دیا۔سی سی پی او نے کہا کہ پولیس فورس کو خوشگوار ماحول فراہم کرنے سے ہی بہترین نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں ،عوام کی سہولت ، خدمت سٹی ٹریفک کی اولین ترجیح ہے اور ہم پولیس عوام دوستی کے رشتے کو مضبوط کرنے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لارہے ہیں۔

اس موقع پر سی ٹی او لاہور طیب حفیظ چیمہ ایس پی ٹریفک سٹی آصف صدیق، ایس پی صدر ٹریفک ندا چٹھہ ، ایس پی ہیڈ کواٹر رانا شجاعت اور اٹلس ہنڈا کے تسلیم شجاع بھی موجود تھے۔سی سی پی او کیپٹن (ر) امین وینس اور سی ٹی او لاہور طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت میں مرحلہ وار ٹریفک سیکٹر کی عمارتوں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل ٹریفک سیکٹر میکلوڈ روڈ ،سیکٹر مغل پورہ ،انارکلی ،کینٹ اور ٹریفک سیکٹر وحدت روڈکی عمارتوں کا افتتاح ہو چکا ہے جنہیں جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے ۔

سی سی پی اونے کہا کہ ٹریفک سیکٹر نو لکھا میں لرنر بوتھ کے قیام سے خصوصاشمالی لاہور کے رہائیشیوں کو ڈرائیونگ لائسنس کی سہولیات سے استفادہ کرنے میں آسانی ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ نئے تعمیر ہونے والے ان سیکٹرز میں کاغذات واپسی کے لئے آنیوالے شہریوں کے بیٹھنے کیلئے انتظار گاہ ،ٹھنڈے پانی کے کولر ،واش روم اور موٹر سائیکلوں کو دھوپ اور بارش سے بچانے کے لئے شیڈ بھی بنائے گئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ دیگر سیکٹر ز کی نئی عمارتیں بھی زیر تعمیر ہیں سٹی ٹریفک پولیس کے تمام سیکٹرز میں ماڈل ٹریفک سیکٹرز جیسی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وارڈنز اور شہریوں کے ما بین خوشگوار ماحول کی فضاء قائم ہو ،انہوں نے وارڈنز کو ہدایت کی کہ شہریوں سے اپنا رویہ انتہائی شائستہ رکھیں ،سیکٹرز میں آنیوالوں کی بھرپور راہنمائی کریں۔