مہذب و پرامن معاشرے کی تشکیل اور انتہاپسندی کے رجحانات میں کمی لانے کیلئے تعلیم موثر ترین ہتھیار ہے‘ سردار شیر علی گورچانی

ملک کو درپیش دہشت گردی، انتہاپسندی، غربت اور بے روزگاری جیسے مسائل پر قابو پانے کیلئے تعلیم کا فروغ انتہائی اہمیت کا حامل ہے‘ قائمقام اسپیکر

بدھ 1 اپریل 2015 20:07

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) قائمقام سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی خاں گورچانی نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش دہشت گردی، انتہاپسندی، غربت اور بے روزگاری جیسے مسائل پر قابو پانے کیلئے تعلیم کا فروغ انتہائی اہمیت کا حامل ہے،مہذب و پرامن معاشرے کی تشکیل اور انتہاپسندی کے رجحانات میں کمی لانے کیلئے تعلیم موثر ترین ہتھیار ہے،تعلیم کی اسی اہمیت کے پیش نظر پنجاب حکومت نے صوبے کے کونے کونے میں علم کی کرنیں بکھیرنے کیلئے انتہائی موثر اقدامات کئے ہیں، پنجاب سکولز ریفارمز روڈمیپ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے اور اس پروگرام پرموثر عملدرآمد کے ذریعے تعلیم عام کرنے میں مدد مل رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی میں اپنے دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت شعبہ تعلیم کی بہتری کیلئے اربوں روپے کے وسائل دیئے ہیں اور آئندہ بھی دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اہداف کے حصول کیلئے انتھک محنت اور ٹیم ورک کے طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے اربوں روپے کے لاکھوں لیپ ٹاپ میرٹ پر تقسیم کئے ہیں۔

طلبا و طالبات کو میرٹ پر ٹیبلٹس دینے کا پروگرام بھی بنایا گیا ہے۔ پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں ڈیجیٹل لائبریریوں کے قیام کا فیصلہ بھی کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کے فروغ کیلئے پنجاب حکومت کے تمام اقدامات صوبے میں علم کی کرنیں پھیلانے میں ممد و معاون ثابت ہو رہے ہیں۔ دنیا میں ترقی اورخوشحالی کے لئے ہمیں حصول تعلیم پر ” کامل توجہ “ دینا ہو گی کیونکہ تعلیم ہی واحد راستہ ہے جس پر چل کر ہم اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہماری نسل میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے اور ہمارے نوجوان پوری دنیا میں جا کر اپنی صلاحیتوں کو لوہا منوا رہے ہیں موجود حکومت نے قومی مسائل پر بھر پور توجہ دی ہے ۔

متعلقہ عنوان :