وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ و تحصیل ہسپتالوں کے انفراسٹرکچر کی مرمت کے لئے ایک ارب روپے کے فنڈز جاری

بنیادی دیہی مراکز صحت ، تحصیل و ڈسٹرکٹ ہسپتالوں کے ڈاکٹرز کی ٹرانسفر پوسٹنگ اور لانگ لیو پر پابندی‘3 اضلاع کے ای ڈی اوز کو نقد انعامات

بدھ 1 اپریل 2015 20:16

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر حکومت نے ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کے انفراسٹرکچرز کی مرمت کے لئے ایک ارب روپے کے فنڈز جاری کر دئیے ہیں اور تمام ای ڈی او ز ہیلتھ کو ہدایت کی ہے کہ وہ مذکورہ ہسپتالوں کی عمارات کی تعمیر و مرمت کا کام 30 جون تک مکمل کرائیں ، چیف منسٹر ہیلتھ روڈ میپ پروگرام پر عملدرآمد سے ضلع کی سطح پر ہیلتھ کیئر ڈلیوری سسٹم میں بہتری آ رہی ہے ۔

یہ بات مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ پنجاب کے کمیٹی روم میں تمام اضلاع کے ای ڈی اوز ہیلتھ کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بنیادی مراکز صحت سے لے کر تحصیل و ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن اور سہولیات میں اضافے کے لئے چیف منسٹر ہیلتھ روڈ میپ پروگرام شروع کیا ہے جس پر عملدرآمد سے ضلعی سطح پر تمام ہیلتھ سینئرز کی سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور صورتحال میں بہتری آنا شروع ہو گئی ہے ۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں سیکرٹری ہیلتھ پنجاب جواد رفیق ملک، پارلیمانی سیکرٹری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز ، تمام اضلاع کے ای ڈی اوز ، عالمی ادارہ صحت ، یونیسف ، بل گیٹس فاؤنڈیشن کے نمائندوں کے علاوہ چیف منسٹر ہیلتھ روڈ میپ کی ٹیم ، ہیلتھ سیکٹر ریفارمز پروگرام کے ڈائریکٹر علی بہادر قاضی اور ای پی آئی ،سی ڈی سی و دیگر پروگراموں کے ڈائریکٹرز نے شرکت کی ۔

سیکرٹری ہیلتھ جواد رفیق ملک نے تمام ای ڈی اوز سے ضلعی حکومتوں کی جانب سے ادویات کی خریداری کے لئے فراہم کردہ بجٹ کے بارے فوری طور پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کہ جن اضلاع کو ان کی ضرورت سے کم بجٹ ملا ہے انہیں مزید فنڈز فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔سیکرٹری ہیلتھ نے کہا کہ نئے مالی سال سے تمام اضلاع کے ہسپتالوں کے لئے سینٹرل ریٹ کنٹریکٹ پالیسی شروع کی جا رہی ہے تاکہ یکساں نرخوں پر معیاری ادویات کی پروکیورمنٹ کو یقینی بنایا جاسکے ۔

انہوں نے ضلع کی سطح پر ہسپتالوں اور صحت مراکز کے ڈاکٹرز کی پوسٹنگ ٹرانسفر اور لانگ لیو پر فوری طو رپر پابندی کا اعلان کیا ۔سیکرٹری صحت نے تمام ای ڈی اوز کو ہدایت کی کہ جن اضلاع کے ضلعی و تحصیل ہسپتالوں کے طبی آلات اور مشینری کی رپیئر اینڈ مینٹیننس کا کام مکمل نہیں ہوا وہ 15 اپریل تک ٹارگٹ مکمل کر لیں ۔ سیکرٹری ہیلتھ نے ہدایت کی کہ طبی آلات کے فنکشنل ہونے کے بارے میں ہر ضلع کا ای ڈی او ہیلتھ ایک سرٹیفکیٹ پیش کرے گا جس میں مذکورہ آلات کی تفصیل بھی درج ہو گی ۔

خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری ہیلتھ نے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے پنجاب میں نئے تعینات ہونے والے پراونشل چیف ڈاکٹر صلاح حطامی کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارہ صحت حکومت پنجاب کا قریبی معاون ہے - انہوں نے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے بیماریوں کی روک تھام ، پولیو اور دیگر حفاظتی ٹیکوں کی مہم کی تھرڈ پارٹی ایولیویشن اور تربیت کے پروگراموں میں مدد و تعاون فراہم کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کے نئے پراونشل چیف کے دور میں عالمی ادارہ صحت اور حکومت پنجاب کے درمیان تعاون میں مزید اضافہ ہو گا - انہوں نے واپس جانے والے عالمی ادارہ صحت کے پراونشل چیف ڈاکٹر عبید السلام کی خدمات کو بھی سراہا ۔

خواجہ سلمان رفیق نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے ہیلتھ روڈ میپ پروگرام پر عملدرآمد کے نتیجہ میں بنیادی مراکز صحت اور دیہی مراکز صحت پر ڈاکٹروں کی حاضری اور ادویات کی دستیابی میں نمایاں بہتری کو بہت سراہاہے ۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ای ویکس مانیٹرنگ سسٹم سے اضلاع کی اکثریت نے 90 فیصد تک ٹارگٹ حاصل کیا ہے جو ایک نمایاں کامیابی ہے ۔

خواجہ سلمان رفیق نے اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی جانب سے ای ڈی او ہیلتھ ساہیوال ڈاکٹر جاوید اشرف کو ایک لاکھ روپے جبکہ ای ڈی او پاکپتن اور اٹک کو 50-50 ہزار روپے کی انعامی رقم کے چیک اور پھول پیش کئے۔کانفرنس کے تمام شرکاء نے پرزور تالیاں بجا کر تینوں افسران کو مبارکباد دی اور وزیر اعلی پنجاب کے اس اقدام کو بہت سراہا۔

متعلقہ عنوان :