محکمہ ایکسائز کا صوبہ میں شہریوں کو پسند کی نمبر پلیٹ جاری کرنے کا فیصلہ

محکمہ ایکسائز شہریوں کی سہولت کے لئے تمام ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کررہا ہے‘ مجتبیٰ شجاع الرحمن

بدھ 1 اپریل 2015 20:56

محکمہ ایکسائز کا صوبہ میں شہریوں کو پسند کی نمبر پلیٹ جاری کرنے کا فیصلہ

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء)وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن ، خزانہ، قانون پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ شہریوں کو اپنی پسند کا نمبر رجسٹرڈ کرانے کے لئے محکمہ ایکسائز کے دفاتر نہیں جانا پڑے گا اور آن لائن گاڑی کی رجسٹریشن ہو سکے گی جس کے لئے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن خصوصی اقدامات کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے موٹر رجسٹریشن نمبر پلیٹس میں جدت لانے کے حوالے سے قائم کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں سلمان صوفی ،سیکرٹری علی طاہر ،سیکرٹری پراسیکیوشن رانا مقبول ، ڈی جی ایکسائز ، محکمہ پولیس ، خزانہ، قانون کے اعلی حکام نے شرکت کی ۔مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ گاڑیوں کی رجسٹریشن کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے اور شہریوں کو ریلیف دینے کے لئے محکمہ ایکسائز تاریخی اقدامات کرتے ہوئے موٹر رجسٹریشن،ٹوکن وپراپرٹی ٹیکس سمیت کو کمپیوٹرائزڈ کررہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نمبر پلیٹ میں جدید سیکورٹی خوبیاں ہوں گی اور روڈز پر کیمرے کے ذریعے گاڑی کی نمبر پلیٹ سکین ہونے کے بعد چوری شدہ گاڑی کا تمام ڈیٹافوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پہنچ جائے گا اورکسی بھی چیک پوائنٹ پر گاڑی کوروکا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو لائنوں میں لگے بغیر اور محکمہ ایکسائز کے دفاتر کی برانچوں میں انتظار کئے بغیر بینکوں کی کسی بھی فرنچائزڈ پر اپنے ٹوکن وپراپرٹی ٹیکس اور دیگر واجبات ادا کرنے کی سہولت مہیا کی جا ئے گی تاکہ ٹیکس کلچر کی ادائیگی کو سادہ اور آسان بنایا جاسکے۔