Live Updates

پی ٹی آئی کے کارکن تبدیلی کے ایجنڈے کی روح کو سمجھیں ،دوسروں کو بھی سمجھائیں ،سڑکوں ،نالیوں وغیرہ کاکام دیہات کی سطح پر بلدیاتی نمائندوں کو سونپا جار ہا ہے،وزیراعلی خیبرپختونخوا

بدھ 1 اپریل 2015 22:22

پی ٹی آئی کے کارکن تبدیلی کے ایجنڈے کی روح کو سمجھیں ،دوسروں کو بھی ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویزخٹک نے کہا ہے کہ سڑکوں، نالیوں اور گلیوں کی تعمیر کے بدلے ووٹ لینے کی اپروچ غلط ہے صوبے اور ملک کے عوام نے سڑکیں اور پل بنانے کیلئے پی ٹی آئی کو ووٹ نہیں دیئے بلکہ کرپشن کے خاتمے اور عوامی خدمات کے صاف، شفاف اور خود کار نظام کیلئے عمران خان کی قیادت پر اعتماد کیا ہے صوبے میں نظام کی تبدیلی کیلئے موجودہ صوبائی حکومت کے کامیاب اقدامات کے باعث صوبے کے عوام میں حکومت کے خلاف وہ غصہ اور ناراضگی نہیں ہے جو پچھلی حکومتوں کے خلاف ہوتا تھا پی ٹی آئی کے کارکن تبدیلی کے ایجنڈے کی روح کو سمجھیں اور دوسرے لوگوں کو بھی سمجھائیں سڑکوں اور نالیوں وغیرہ کاکام دیہات کی سطح پر بلدیاتی نمائندوں کو سونپا جار ہا ہے اور اُنہیں آئندہ بلدیاتی انتخابات کے نتیجے میں اس کیلئے بے پناہ اختیارات اور مالی وسائل حاصل ہونگے ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے بدھ کے روز یہاں ضلع مردان کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اورپی ٹی آئی مردان کے ضلعی عہدیداروں کے علاوہ زیارت کاکا صاحب، پیرپیائی، اذاخیل پایاں، اذا خیل بالا اور ڈاگئی کی یونین کونسلوں کے الگ الگ نمائندہ وفود سے خطاب کرتے ہوئے کیا وفود نے وزیراعلیٰ کو اپنے اپنے علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا جن کے حل کیلئے اُنہوں نے موقع پر احکامات جاری کئے صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف،وزیرایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کاکاخیل، ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک اور دیگر نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے اپنے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کے اس اصل پیغام کو آگے پھیلائیں جس پر صوبے کے عوام نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیئے ہیں اُنہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت پارٹی کے تبدیلی کے ایجنڈے کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسا نظام وضع کررہی ہے جو عام لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے نہ صرف خود بخود کام کرے بلکہ عوام اور قانون کے سامنے جوابدہ بھی ہو اُنہوں نے کہا کہ ہم پولیس، تھانہ، تعلیم، صحت اور مال جیسے اہم محکموں کو عوام کے تابع بنارہے ہیں اور ان محکموں سے رشوت اور بد عنوانیاں ختم کرنے کیلئے سخت فیصلے اور اقدامات کر رہے ہیں اور ان اقدامات میں ہمیں اب تک حوصلہ افزاء اور مطلوبہ کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں پرویز خٹک نے کہا کہ پونے دو سال کے عرصہ میں پی ٹی آئی حکومت نے صرف تبدیلی کیلئے کام کیا ہے اور قانون سازی، اصلاحات اور پالیسی سازی کے ذریعے صوبائی سطح پر اپنے اختیارات ختم کرکے گاؤں کی نچلی ترین سطح پر عوام کو با اختیار بنا دیا ہے تاکہ وہ سڑکوں ، گلیوں، سکولوں ،ہسپتالوں وغیر ہ کے معاملات کی دیکھ بھال خود کریں اور اس کیلئے صوبائی حکومت کے محتاج نہ ہوں اُنہوں نے کہا کہ عمران خان کا یہ وژن تھا کہ اختیار نچلی سطح پر عوام کے پاس ہوں چنانچہ ہم نے اسی عزم کی تکمیل کیلئے کام کیا ہے اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکن اگر عام لوگوں کو عمران خان اور پی ٹی آئی کے وژن سے آگاہ کردیں تو کوئی سیاسی پارٹی یا سیاسی پارٹیوں کا اتحاد کسی بھی انتخابی معرکے میں پی ٹی آئی کا مقابلہ نہیں کرسکے گا وزیراعلیٰ نے کہا کہ پارٹی منشور پر عمل درآمد کے حوالے سے صوبائی حکومت کی کوئی کوتاہی نظر آتی ہے تو کارکن ضرور ہمیں اس سے آگاہ کریں تاہم اُنہوں نے کہا کہ جو پارٹی رکن یا کارکن پارٹی کے تبدیلی کے ایجنڈے سے واقف نہیں ہے اور ماضی کی حکومتوں کی طرح محض گلیوں اور نالیوں کی تعمیر کو حکومت کی کارکردگی تصور کرتا ہے تو ایسے کارکنوں کیلئے پی ٹی آئی میں کوئی جگہ نہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی مسائل اور ان کے حل کیلئے اقدامات اپنی جگہ ہیں لیکن پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کا اصل ایجنڈا نظام کی تبدیلی ہے جس سے عوام کے تمام مسائل حل ہوں گے اُنہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں باکردار، اہل اور موثر اُمید وار سامنے لائیں جو عوامی مسائل حل کرنے کیلئے اپنے اختیارات کے صحیح استعمال کے اہل ہوں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات