Live Updates

پی ٹی آئی کے زیر اہتمام صوبے بھر میں ایم کیو ایم کی غنڈہ گردی ،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کیخلاف احتجاجی مظاہرے

حکومت اور ایم کیو ایم کے خلاف شدید نعرے بازی /پی ٹی آئی اپنا سیاسی دباؤ برقرار رکھے گی ، ایم کیو ایم کراچی میں دھونس اور دھاندلی سے باز رہے حکمران ہوش کے ناخن لیں اور عوام کا خون چوسنا بند کر دے ،حکومت عوام دشمن پالیسیوں کو ترک کر دیں ‘ اعجاز چوہدری ، یاسمین راشد و دیگر کا خطاب

بدھ 1 اپریل 2015 22:22

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے زیر اہتمام صوبے بھر میں عہدیداران اور کارکنان نے کراچی میں ایم کیو ایم کی غنڈہ گردی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی ، کارکنان نے حکومت اور ایم کیو ایم کے خلاف شدید نعرے بازی کی،صوبائی دارلحکومت میں صدر پنجاب اعجاز احمد چوہدری ،جنرل سیکرٹری ڈاکٹر یاسمین راشدکی قیادت میں عہدیداران اور کارکنان نے ایم کیو ایم کی غنڈہ گردی پی ٹی آئی کے رہنماؤں پر حملے اور پٹرولیم مصنوعات کے قیمتوں کے ظالمانہ اضافے کے خلاف لاہور پریس کلب کے باہر شدید احتجاجی مظاہرہ کیا ،کارکنا ن نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت اور ایم کیو ایم کے خلاف نعرے درج تھے ،کارکنان نے الطاف حسین کی بھتہ خوری ،ٹارگٹ کلنگ ، دہشت گردی اور غنڈہ گردی نہیں چلے گی نہیں چلے گی ،لاٹھی گولی کر سرکار نہیں چلے گی نہیں چلے گی ، ظالموں جواب دو خون کا حساب دو ،کراچی میں معصوم اور بے گناہ عوام کا قتل عام بند کرو ، حکومت کے ضابطے ہم نہیں مانتے ،پٹرول بم نہ منظور ،غریب عوام کا معاشی قتل عام بند کرو، غریب عوام کو جینے کا حق دوجیسے نعرے لگائے۔

(جاری ہے)

مظاہرین سے اعجاز احمد چوہدری اور ڈاکٹر یاسمین راشد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے درمیان ہونے والے معاہدے کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں تحریک انصاف ہمیشہ سے اس بات کی قائل ہے کہ پر امن طریقے سے سیاسی جدو جہد کرنی چاہیے البتہ مظاہرہ اس لیے کیا گیا ہے کہ الطاف حسین پل میں ماشہ ،پل میں تولہ والا جیسا رویہ اختیا ر کر لیتے ہیں ،پی ٹی آئی اپنا سیاسی دباؤ برقرار رکھے گی ، ایم کیو ایم کراچی میں دھونس اور دھاندلی سے باز رہے تحریک انصاف اس بات کا عزم کرتی ہے کہ ہم اپنی پر امن سیاسی جدو جہد کو جاری رکھے گے اور ملک میں حقیقی تبدیلی لے کر آئیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی ، کراچی سب پاکستانیوں کا ہے کل کراچی میں ایم کیو ایم نے ظلم و بربریت کی انتہا کر دی جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے کراچی میں پچیس ہزار افراد کا قتل ہوا ظالموں کے منہ کو خون لگا ہوا ہے تحریک انصاف کراچی کی عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے عمران خان کی قیادت میں کراچی کے اندھیروں کو ختم کرکے دوبارہ روشنیوں کا شہر بنائی گی، کراچی کے عہدیداران اور کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتے ہے جو ظلم ،جبر کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں ، ہم اپنی کارکن زہرہ آپا سمیت پچیس ہزار شہید ا کو کبھی نہیں بھولیں گے رہنماؤں نے کہا کہ حکو مت نے غریب عوام پر پٹرول بم پھینک کر ان کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے ہم مطالبہ کرتے ہے کہ حکومت اس ظالمانہ اضافے کو فوری طور پر واپس لے،تحریک انصاف پسے ہوئے طبقات کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہیں حکومت عوام کو ریلیف دلانے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے ، حکومت آئی ایم ایف کی پالیسیوں پر حکومت عمل پیرا ہے حکمرانوں نے اپنی عیاشیوں کا بوجھ غریب عوام پر ڈال دیا ہے ، حکمران ہوش کے ناخن لیں اور عوام کا خون چوسنا بند کر دے ،حکومت عوام دشمن پالیسیوں کو ترک کر دیں ،پی ٹی آئی پٹرول کی قیمتوں کے اضافے کو مسترد کرتی ہے اور یہ ظالمانہ فیصلہ حکمرانوں کا عوام دشمنی کا کھلا ثبوت ہے ،مظاہرے میں عندلیب عباس، عبدالرشید بھٹی ، شبیر سیال، ایم پی اے شنیلا روت ، ایم پی اے سعدیہ سہیل، ثوبیہ کمال، عالیہ حمزہ ملک ، ڈاکٹر عاطف الدین، ڈاکٹر فاروق طاہر چشتی، وقار محمود خان ، جاوید اکرام ٹونی ،رانا ساجد شوکت ،محمود جوئیہ، مہر فیاض، کنور عمران سعید، عامر گجر، متعصب سندھو، میاں شفیق ، رخسانہ نوید، فہیم چوہدری ، ملک یونس، میاں عمر اقبال، عرفان حسن ، احمد علی بٹ ، چوہدری محمد ریاض، میاں اختر حسین، احمد وسیم ،اسلم گھمن، سعدیہ سیف، اشتیاق ملک، ایم طارق، ڈاکٹر سیمی بخاری سمیت سینکڑوں کی تعداد میں کارکنان ، عہدیداران نے شرکت کی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات