چینی صدر کے دورہ پاکستان سے ترقی کے نئے دروازے کھلیں گے ‘ سید نبیل ہاشمی

ملک میں امن وامان بہتر ہونے سے صنعتی و تجارتی سرگرمیاں بڑھی ہیں‘ سابق چیئرمین پاپام

بدھ 1 اپریل 2015 22:25

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) پاپام کے سابق چیئرمین سید نبیل ہاشمی نے کہا ہے کہ اگر حکومت چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کیلئے آسان شرائط پر قرضوں کا بندوبست کر دے تو آئندہ پانچ برسوں میں پاکستان کی جی ڈی پی کی گروتھ 8فیصد تک پہنچ سکتی ہے ،ملک میں امن وامان بہتر ہونے سے صنعتی و تجارتی سرگرمیاں بڑھی ہیں جبکہ چینی صدر کے دورہ پاکستان سے ترقی کے نئے دروازے کھلیں گے ،پاک چین اقتصادی راہداری اور اورنج ٹرین کے منصوبوں سے پاکستان تیز ترین ترقی کرنے والے ممالک میں شامل ہو جائے گا اور وہ وقت دور نہیں جب وزیراعظم نوازشریف کی حکومت کی معاشی پالیسیوں کے نتیجہ میں پاکستان دنیا میں ایشین ٹائیگر بن کر ابھرے گا ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت بہتر ہونے اور اقتصادی پالیسیوں کے تسلسل کے باعث آئی ایم ایف نے قرضے کی چھٹی قسط جاری کر دی ہے جو حکومت پر اعتماد کا اظہار ہے ۔

(جاری ہے)

ضرب عضب اور کراچی آپریشن کی وجہ سے کاروباری برادری نے سکون کا سانس لیا ہے ۔ملک میں امن وامان بہتر ہونے سے صنعتی و تجارتی سرگرمیاں بڑھی ہیں۔اللہ تعالی کی طرف سے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو یہ تحفہ دیا ہے کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تاریخ ساز کمی ہوئی جس کی وجہ سے پاکستان میں نہ صرف معیشت بہتر ہوئی بلکہ افراط زر کی شرح کم ہونے سے مہنگائی میں نمایاں کمی ہوئی۔

ایک سوال کے جواب میں پاپام کے سابق چیئرمین نے بتایا کہ مجھے توقع ہے کہ جس تیزی سے پاکستان میں اقتصادی ترقی ہو رہی ہے جی ڈی پی کی شرح پانچ فیصد تک پہنچ جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سیلز ٹیکس کی شرح کم کرنے سے آٹو موبیل انڈسٹری تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور توقع ہے کہ اس کی سالانہ گروتھ 30فیصد تک پہنچ جائے گی تاہم حکومت کو بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے ۔

انہوں نے حکومت کو تجویز دی کہ چینی صدر کے دورہ پاکستان کے دوران چینی کمپنیوں کے ساتھ نجی شعبے کے ساتھ بھی معاہدے کئے جائیں جو ملکی معیشت کے لئے سود مند ثابت ہوں گے ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ اگر حکومت چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کیلئے آسان شرائط پر قرضوں کا بندوبست کر دے تو آئندہ پانچ برسوں میں پاکستان کی جی ڈی پی کی گروتھ 8فیصد تک پہنچ سکتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :