ایپکا ملازمین کے اپنے مطالبات کے حق میں پنجاب بھر میں احتجاجی مظاہرے ، لاہور میں سول سیکرٹریٹ کا گھیراؤ

جمعرات 2 اپریل 2015 16:32

لاہور /ملتان /فیصل آباد /سیالکوٹ/بہاولنگر /نارروال ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء) ایپکا ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں لاہور ،ملتان ،لودھراں،بہاولنگر،فیصل آباد،نارووال،سیالکوٹ،اٹک ،چکوال،ننکانہ،قصور،خوشاب،بھکر،جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت پنجاب بھر میں زبردست احتجاجی مظاہرے کیے جبکہ لاہور میں مال روڈ پراحتجاجی ریلی کے بعد سول سیکرٹریٹ کا گھیراؤ کیا گیا ، گھنٹوں ٹریفک جام رہنے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، پنجاب حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی ،ایڈیشنل سیکرٹری پنجاب سے مذاکرات ناکام ہونے پر 16اپریل کو پھر سول سیکرٹریٹ کا گھیراؤ کرنے کی دھمکی دیدی ،حکومت پنجاب کو 7مئی تک کی ڈیڈ لائن دیتے ہیں بصورت دیگر پنجاب بھر کے لاکھوں ملازمین لاہور میں تاریخی دھرنہ دیں گے ۔

(جاری ہے)

سیکرٹریٹ کے باہر احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایپکا پنجاب کے صدر محمد سلطان مجددی نے کہا کہ حکومت پنجاب سرکاری ملازمین کو ذاتی غلام نہ سمجھے اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرنے سے پہلے وزیر اعلیٰ پنجاب دوسرے صوبوں اور پنجاب کے ملازمین کو حاصل شدہ مراعات کا نیک نیتی سے جائزہ لیں جب آئین پاکستان میں تمام شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں تو ملازمین کی تنخواہوں میں تضاد کیوں ہے کم آمدنی اور کم وسائل والے دوسرے صوبوں کے ملازمین اور پنجاب کے ملازمین کو یکساں حقوق کیوں نہیں دیے جا رہے ۔

مرکزی چیئرمین ایپکا محمد افضل نے ملازمین سے اپنے خطاب میں کہا کہ بیورو کریسی نے ایپکا اورسرکاری ملازمین میں غیر قانونی اور غیر تصدیق شدہ دھڑے تیار کر رکھے ہیں تا کہ ملازمین کی طاقت کو ریزہ ریزہ کیا جا سکے اپنے تیار کردہ دھڑوں کے ساتھ بے معنی اور وقت ضائع کرنے والی کمیٹیاں بنا کر ملازمین کو بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا ۔لاہور ڈویژن کے صدر عبدالشکور نے کہا کہ مہنگائی میں اضافہ آنکھیں بند کر کے کیا جاتا ہے لیکن سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی بات ہو تو حکومت بغلیں جھانکنے لگتی ہے اور اگر ملازمین اپنے جائز حقوق کی خاطر باہر نکلیں تو ای ڈی او ہیلتھ لاہور جیسے افسران کے ذریعے ملازمین کے خلاف ناجائز کاروائیاں شروع کروا دی جاتی ہیں جب تک ایپکا کے چارٹر آف ڈیمانڈ کو منطور نہیں کیا جائے گا تب تک ایپکا اپنے احتجاج کا دائرہ کار وسیع کرتی چلی جائے گی اور پنجاب بھر کے لاکھوں ملازمین7مئی کو ضلع لاہور کو مکمل طور پر جام کر دیں گے ۔

صدر ایپکا الائیڈ ہیلتھ سٹاف لاہور محمد سلیمان خان نے کہا کہ تنخواہوں میں اضافہ تو درکنار ای ڈی او ہیلتھ لاہور ڈینگی کنٹرول پروگرام کے ملازمین کو تنخواہیں تک نہیں ادا کر رہے اور نہ ہی خسرہ سمیت پولیو مہمات کا اعزازیہ ادا کیا جا رہا ہے ۔احتجاج میں لاہور کے تمام محکمہ جات ندیم چغتائی جنرل سیکرٹری لاہور ڈویژن،ملک ممتاز کھوکھرسمیت الائیڈ ہیلتھ سٹاف لاہور کے ملازمین کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی اور ای ڈی او ہیلتھ لاہور کی ملازمین کش پالیسیوں پر زبردست نعرے بازی بھی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :