پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر کل(جمعہ) ملک بھر میں ”یوم یکجہتی سعودی عرب “منایا جائے گا

جمعرات 2 اپریل 2015 16:58

مکہ مکرمہ/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء) پاکستان کا ہر بچہ حرمین شریفین اور سعودی عرب کے تحفظ اور سلامتی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں گا،پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر آج(جمعہ) ملک بھر میں ”یوم یکجہتی سعودی عرب “منایا جائے گا ۔وفاق المساجد پاکستان (رجسٹرڈ)سے منسلک ملک بھر کی74ہزار 6سو سے زائد مساجد میں پاکستان سعودی عرب دوستی پر اجتماعات اور سیمینارز ہوں گے اور سعودی عرب اور حرمین شریفین کے دفاع اور استحکام کیلئے قراردادیں منظور کی جائیں گی جبکہ لاہور،کراچی،اسلام آباد،کوئٹہ،مردان،فیصل آباد،ملتان،رحیم یارخان،ڈیرہ اسماعیل خان، بہاولنگر، اوکاڑہ، گوجرانوالہ ، شیخوپورہ، بھکر،خوشاب،خانپور سمیت ملک بھر میں جمعہ کے بعد سعودی عرب کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے مظاہر ے کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے پاکستان علماء کونسل سعودی عرب کے ذمہ داروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر مولانا زاہد محمود قاسمی ،پاکستان علماء کونسل سعودی عرب کے صدر مولانا عبد الرحمن راشد،مولانا محمد ثاقب،قاری حسیب الحسن عباسی،مولانا محمد صغیر،قاری محمدسعید ،قاری منیر احمد عباسی ودیگر بھی موجود تھے۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا دوست اور محسن ہے۔ پاکستان کا سعودی عرب کے ساتھ عقیدت اور احترام کا رشتہ ہے ۔حوثی باغیوں کو حرمین شریفین اور سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام سے کھیلنے نہیں دیں گے۔امت مسلمہ حجاز مقدس اور سعودی کی سلامتی اور دفاع کیلئے متحد ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کی حکومتیں جلد یمن میں امن کے قیام کی خواہاں ہیں ایران کو بھی چاہئے کہ امن و امان کے قیام کیلئے اپنا کردار اداکرے۔

یمن میں حوثی باغیوں کی مدد کرنے والے ممالک مشرق وسطیٰ کے امن سے کھیلنا چاہتے ہیں ان ممالک کو باز آنا چاہئے۔ حرمین شریفین کا تحفظ صرف سعودی عرب ہی نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے اس لئے حرمین شریفین کا تحفظ ہر مسلمان اپنے ایمان کا حصہ سمجھتا ہے ۔ سعودی عرب اور یمن کی صورتحال پر پاکستان کا موٴقف قوم کی ترجمانی ہے اور حکومت کو دنیا پر واضح کردینا چاہئے کہ سعودی عرب پر کسی قسم کی جارحیت قبول نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :