اسلامی ممالک میں انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے”عالمی مسلم امن فورس“تشکیل دی جائے‘ نعیمین ایسوسی ایشن

جمعرات 2 اپریل 2015 17:01

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء) مسلم ممالک میں انتشار،خلفشار اورانتہاء پسندی کے خاتمے کے لئے”عالمی مسلم امن فورس“تشکیل دی جائے،مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ عقیدتوں کا آخری مرکزو محور ہیں۔دفاع ”حرمین شریفین “کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،مسلم حکمران اپنے مفادات کو ترجیح دینے کے بجائے امتِ مصطفوی ﷺ کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے اپناقائد انہ کرداراداکریں۔

ان خیالات کااظہار نعیمین ایسوسی ایشن پاکستان کے مرکزی صدرمعروف مذہبی سکالرعلامہ پروفیسر لیاقت علی صدیقی نے جامعہ نعیمیہ میں منعقدہ نعیمین ایسوسی ایشن کی مرکزی باڈی،مجلس عاملہ،نعیمین پارلیمنٹ اورتمام نعیمین ونگزکے صدوروسیکرٹریز کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ممتاز عالم دین علامہ قاسم علوی،علامہ افتخاراحمدنعیمی،مفتی انتخاب احمد نوری،ڈاکٹرمفتی حسیب احمدقادری (خطیب جامعہ نعیمیہ)،مفتی قیصرشہزاد نعیمی ،مفتی عمران حنفی،صاحبزادہ مفتی بلال فاروق نعیمی،مفتی صادق فریدسعیدی،مفتی عبدالستارسعیدی،مفتی ذیشان احمدصابری،پروفیسروارث علی شاہین،مولانامحمدشفقت علی یوسفی،پیرسیدشہازاحمدسیفی،مولانامحمدفداحسین نعیمی،حافظ سفارش علی گجراورحافظ محمدسلیم نعیمی سمیت مرکزی ،صوبائی عہدیداران وذمہ داران کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔

انہوں نے مزید کہاکہ علماء ومشائخ اوردنیابھرکے مسلم اسکالرز شیعہ وسنی جھکڑے اورفرقہ وارانہ شوچ سے بالاترہوکرکے وحدت امت کوپیغام عام کریں۔مسئلہ یمن عرب لیگ اوراوآئی سی کے ہوتے ہوئے حل نہ ہوناایک بہت بڑاسوالیہ نشان ہے۔پاکستان اورترکی یمن بحران کے حل کے لئے ثالثی کاکردار ادا کریں۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ آج 3اپریل جمعةلمبارک” یکجہتی حرمین شریفین“کے طورپرمنایا جائے گا۔

خطابات جمعہ میں مکہ مکرمہ اورمدینہ منورہ کے فضائل پر روشنی ڈالی جائے گی۔اجلاس میں منظور کی گئی قراردادوں میں مطالبہ کیاگیاکہ حکومت پاکستان پرائی جنگ میں حصہ داربننے کے بجائے تنازع حل کیلئے اپنے آپ کو غیرجانبداررکھتے ہوئے اپناکردار ادا کرے۔ملک میں جاری آپریشن ضرب عضب کادائرہ وسیع کیاجائے۔دہشتگردی میں ملوث مدارس اوراداروں کیخلاف کریک ڈاوٴن کیاجائے۔اجلاس کے اختتام پر مسئلہ یمن کے حل ،عالم اسلام کی سربلندی اور اوروطن عزیز کے ا ستحکام کے لئے خصوصی دعامانگی گئی۔