ایل ڈی اے کے 11پلاٹ 12کروڑ 47لاکھ روپے میں نیلام

جمعرات 2 اپریل 2015 17:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء)لاہور ڈویلپمنٹ اتھار ٹی کے زیر اہتمام 9کمر شل اور2 رہائشی پلاٹ مجموعی طور پر12 کروڑ47لاکھ20ہزار روپے میں نیلام کر دئیے گئے ۔ سب سے زیادہ بولی سوک سنٹر جوبلی ٹاؤ ن سکیم میں واقع21مرلے192 مربع فٹ رقبے کے کارنر پلاٹ نمبر2 کے لئے دی گئی۔اس کی بنیادی قیمت15 لاکھ95ہزار روپے فی مرلہ رکھی گئی تھی جبکہ یہ16 لاکھ10ہزار روپے فی مرلہ کے حساب سے مجموعی طور پر3 کروڑ51 لاکھ78ہزار روپے میں نیلام ہوا ۔

سوک سنٹرنیو گارڈن ٹاؤن میں ساڑھے تین کنال اراضی پر نو تعمیر شدہ چار منزلہ کمیونٹی سنٹر کے حقوق کرایہ داری 1کروڑ12لاکھ30ہزار روپے سالانہ میں نیلام ہوئے جبکہ بولی کی ابتدائی قیمت 1 کروڑ روپے سالانہ مقرر کی گئی تھی۔نیلام عام ایل ڈی اے کمیو نٹی سنٹر 239-A نیو مسلم ٹاؤن نزد ایوبیہ مارکیٹ میں منعقد ہو ا جس کی نگرانی ایل ڈی اے کی آکشن کمیٹی کے ارکان ڈائریکٹر فنانس ظہیر اصغر رانا‘ ڈائریکٹرز اسٹیٹ مینجمنٹ معظم رشید‘ اکبر نکئی‘عثمان غنی اور ندیم عباس بھنگو‘ڈائریکٹر لینڈ ڈویلپمنٹ اسد امیر ‘ محمد محسن بلال ‘ڈپٹی ڈائریکٹر سیلز اینڈ الاٹمنٹ خرم یعقوب اور دیگر متعلقہ افسران نے کی۔

(جاری ہے)

نیلام عام کے دوران بولی میں حصہ لینے کے خواہشمند39حضرات نے زر ضمانت جمع کروائی۔ نیلامی شروع ہونے سے پہلے نیلام عام کی شرائط پڑھ کر سنائی گئیں، نیلامی میں شہریوں نے جوش و خروش سے حصہ لیا ا ور ایک دوسرے سے بڑھ چڑھ کر بولی دی ۔