علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس،پرویزمشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری،27اپریل کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم

جمعرات 2 اپریل 2015 18:23

علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس،پرویزمشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ءلال مسجد کے نائب خطیب علامہ عبدالرشید غازی اور ان کی والدہ صاحب خاتون کے مقدمہ قتل میں عدالت نے جنرل(ر) پرویزمشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ان کے ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کا حکم دے دیا اور پولیس کوپرویزمشرف کو گرفتار کرکے 27اپریل کو عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لال مسجد کے نائب خطیب علامہ عبدالرشید غازی اور ان کی والدہ صاحب خاتون کے مقدمہ قتل کی سماعت آج(جمعرات کو)اسلام آباد کی مقامی عدالت میں ہوئی۔ایڈیشنل اینڈ سیشن جج واجد علی خان نے پرویزمشرف کے خلاف مقدمے کی سماعت کی۔دوہرے قتل کے مقدمے کے مدعی صاحبزادہ ہارون الرشید غازی کی طرف سے طارق اسد اور ملک عبدالحق ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ پرویزمشرف کی طرف سے نئے وکیل ملک طاہر محمود نے اپنا وکالت نامہ عدالت میں جمع کرایا۔

(جاری ہے)

مقدمے میں نامزد ملزم جنرل(ر)پرویزمشرف قابل ضمانت وارنٹ کے بعد عدالت میں پیشی کے لئے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے کچھ دیر کے لئے اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا۔بعدازاں ایڈیشنل اینڈ سیشن جج واجد علی خان نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کی عدالت میں حاضری سے استثنا کی درخواست خارج کرتے ہوئے پرویزمشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔عدالت نے اپنے مختصر فیصلہ میں پرویزمشرف کے ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کا حکم دیتے ہوئے پولیس کو ہدایت کی کہ وہ ملزم کو گرفتار کرکے 27اپریل کو عدالت میں پیش کرے۔بعدازاں علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس کی سماعت 27اپریل تک ملتوی کردی گئی۔

متعلقہ عنوان :