کسان تنظیموں نے 25 ملین آبیانہ سرکاری خزانے میں جمع کروادیا‘یاور زمان

جمعرات 2 اپریل 2015 19:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء ) پنجاب اریگیشن اینڈ ڈرینج اتھارٹی (پیڈا) کی قائم کردہ کسان تنظیموں نے لوئر چناب کینال فیصل آباد کے ایریا واٹر بورڈز سے گزشتہ ماہ کے دوران 25 ملین روپے آبیانہ کی مد میں حکومتی خزانے میں جمع کروا دیئے ہیں جو نہری ڈھانچے کی تعمیر و مرمت پر خرچ کئے جائیں گے۔یہ بات یہاں صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا میاں یاور زمان کو دی جانے والی بریفنگ میں بتائی گئی ۔

اس موقع پر جنرل مینجرپیڈا چوہدری خاور نذیر ، ڈپٹی جنرل مینجر(سوشل موبلائزیشن) سید شائق حسین عابدی ،ڈپٹی جنرل مینجر(آپریشن) میاں عبدالرشید ، مینجر(سوشل موبلائزیشن) منظور احمد صدیقی ، مینجر (مانیٹرنگ) رضوان اسلم اور مینجر (ریفارمز) عمران اسلم بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر آبپاشی میاں یاور زمان نے بریفنگ میں موجود افسران سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ کسان تنظیموں کو بھر پور معاونت فراہم کی جائے تاکہ آبپاشگان سے حکومتی واجبات کی ہر ممکن وصولی یقینی ہو سکے۔

انہوں نے اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی تنظیموں کو سراہتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا کہ کسان تنظیموں کی موثر کیپسٹی بلڈنگ کی بدولت سانجھے نہری نظام کی یقینی کامیابی کا ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آبیانہ کی سو فیصد وصولی آئندہ جون تک یقینی بنائی جائے تا کہ نہری انتظا م انصرام اور اس کی دیکھ بھال کے لئے مناسب فنڈز دستیاب ہو سکیں ۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ صوبہ پنجاب کے دیگر علاقوں میں آبیانہ وصولی بہتر کرنے کے لئے جامع مہم کا آغا زجلد کیا جائے ۔