پاکستان نے دنیا بھر میں کپاس پیدا کرنے والے ممالک میں چوتھی پوزیشن حاصل کرلی

جمعہ 3 اپریل 2015 14:34

پاکستان نے دنیا بھر میں کپاس پیدا کرنے والے ممالک میں چوتھی پوزیشن ..

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) پاکستان نے دنیا بھر میں کپاس پیدا کرنے والے ممالک میں چوتھی پوزیشن حاصل کرلی ۔ کپاس کی یہ ریکارڈ پیداوار بی ٹی کپاس کے زیر کاشت رقبہ میں اضافہ اور کاشتکاروں کی بھر پورمحنت کے باعث ممکن ہوئی ہے۔پنجاب کے مختلف علاقوں کی آب وہوا ، زمین کی زرخیزی اور دیگر عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ زراعت پنجاب نے کپاس کی 25بی ٹی اقسام عام کاشت کے لیے سفارش کی ہیں ۔

محکمہ زراعت پنجاب کے زرعی ماہرین نے کاشتکاروں کو سفارش کی ہے کہ وہ بی ٹی اقسام کی کاشت کے لیے جدید پیداواری ٹیکنالوجی اپنا کر اپنی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کو یقینی بنائیں ،کپاس کی یہ ریکارڈ پیداوار بی ٹی کپاس کے زیر کاشت رقبہ میں اضافہ اور کاشتکاروں کی بھر پورمحنت کے باعث ممکن ہوئی ہے محکمہ زراعت پنجاب اور پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے اشتراک سے 6 تا 12اپریل تک خصوصی ہفتہ بوائی کپاس منایا جارہاہے۔

(جاری ہے)

اس خصوصی ہفتہ کے دوران ریڈیو اسٹیشن ملتان،بہاولپور ،فیصل آباد، سرگودھا، میانوالی اور لاہور کے زرعی پروگراموں کے ذریعے کپاس کی منظور شدہ بی ٹی اقسام وشرح بیج ، زمین کی تیاری وطریقہ کاشت ، کھادوں کا متوازن استعمال ،جڑی بوٹیوں کی تلفی اور نقصان رساں کیڑوں کے بروقت تدارک بارے زرعی ماہرین کی سفارشات نشر کی جائیں گی۔رفیق اختر ڈائریکٹر ایگری کلچر انفارمشین پنجاب کی ہدایت کی روشنی میں محمد اسحاق لاشاری اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایگری کلچر انفارمیشن ، ریسرچ انفارمیشن فیصل آباد اور محمد شہزاد سینئر ساؤنڈریکارڈسٹ فیصل آباد پر مشتمل ٹیم نے عبدالستار ڈائریکٹر ایگرانومی ، خالد محمود ڈائریکٹر کپاس ،حافظ محمد سلیم ڈائریکٹر حشرات اور ریاض احمد اسسٹنٹ باٹنسٹ شعبہ کپاس ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کی سفارشات پر مبنی پروگرامز کی پروڈکشن مکمل کرلی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال کپاس کی 1کروڑ 47لاکھ سے زائد گانٹھوں کے حصول سے پاکستان کو دنیا میں کپاس پیدا کرنے والے ممالک میں چوتھی پوزیشن حاصل ہوئی ہے ۔۔بی ٹی اقسام کو عام اقسام کی نسبت زیادہ کھادوپانی کی ضرورت ہوتی ہے۔صوبہ پنجاب میں کپاس کے کاشتکاروں کی اکثریت جدید سفارشات کے حصول کے لیے کوشاں رہتی ہے جس کے لیے محکمہ زراعت پنجاب کے شعبہ توسیع کے زرعی ماہرین کپاس کی کاشت کے مرکزی وثانوی علاقوں میں بی ٹی اقسام کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے آگاہی کے لیے تربیتی پروگراموں کا انعقاد کررہے ہیں۔

کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ اپنے علاقے کی موزونیت ، مقامی ماہرین کی سفارشات اور پچھلے سالوں کے تجربات کی روشنی میں بی ٹی اقسام کا انتخاب کرکے کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں مزید اضافہ یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :