آئی سی سی کا بھارت اور بنگلہ دیش کے کوارٹر فائنل کی تحقیقات کا فیصلہ، پاکستانی امپائرعلیم ڈار کے فیصلوں کوجانچا جائے گا

جمعہ 3 اپریل 2015 16:12

آئی سی سی کا بھارت اور بنگلہ دیش کے کوارٹر فائنل کی تحقیقات کا فیصلہ، ..

ڈھاکا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) آنٹر نیشنل کر کٹ کونسل نے بھارت اور بنگلہ دیش کے کوارٹر فائنل کی تحقیقات کا فیصلہ کر لیا۔ میچ میں امپائرنگ فیصلوں کوجانچا جائے گا، چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن نے نتائج سے بنگلہ دیشی بورڈ کو بھی آگاہ کرنے کی یقین دہانی کردی۔تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میں بھارت نے بنگلہ دیش کو 109 رنز کے بڑے مارجن شکست دی، جس کے بعد بنگال ٹائیگرز نے ناقص امپائرنگ کو وجہ قرار دیتے ہوئے خوب واویلا مچایا ۔

جبکہ فیلڈامپائرز علیم ڈار اور ای ین گولڈ کے پتلے تک جلائے گئے۔ اسی تنازع میں بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے آئی سی سی کے صدر مصطفیٰ کمال بھی بطور احتجاج مستعفی ہوگئے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے معاملے کی جانچ کیلیے یقین دہانی کرا دی ہے۔

(جاری ہے)

بی سی بی کے صدر نظم الحسن کا کہنا ہے کہ ہم نے کوارٹر فائنل کے بعد ہی آئی سی سی کو اپنے تحفظات پر مبنی خط بھیج دیا تھا، چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن کی جانب سے جو ابتدائی جواب آیا اس میں انھوں نے کہا تھا کہ وہ اس مقابلے کی گیند درگیند جانچ کریں گے، جو بھی تجزیے کا نتیجہ نکلا اس سے بی سی بی کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔

نظم الحسن نے واضح کیا کہ بی سی بی کی شکایت صرف امپائرنگ کے خلاف تھی اس کا میچ کی حریف سائیڈ سے کوئی تعلق نہیں تھا۔انھوں نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ اس سے بنگلہ دیش اور بھارت کے تعلقات متاثر ہوسکتے ہیں، ہم نے ان کے بارے میں تو کوئی شکایت نہیں کی، ہمارا اعتراض امپائرنگ پر تھا، ہم نے اس بات پر زور دیاکہ دستیاب ہونے کے باوجود ٹیکنالوجی کوآخر استعمال کیوں نہیں کیاگیا ۔