مسلم لیگ (ق) سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں بھی بھرپور حصہ لیگی، چودھری شجاعت ،پرویزالٰہی

جمعہ 3 اپریل 2015 16:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما وسابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی سے صوبائی صدر سندھ حلیم عادل شیخ اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ دونوں قائدین نے حلیم عادل شیخ کی پارٹی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ محب وطن جماعت ہے جو قائداعظم کے منشور کو لیکر چل رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ میں بھی پاکستان مسلم لیگ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیگی اور انشاء اللہ نمایاں کامیابی حاصل کریگی جبکہ کراچی سے کشمور تک پارٹی کی تنظیم نو کی جائے گی۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ سندھ میں محب وطن لوگوں کو پاکستان مسلم لیگ کی صفوں میں آگے آنا چاہئے، انہیں چاہئے کہ وہ آگے بڑھ کر عوام اور ملک کی خدمت اور قومی ترقی میں اپنا رول ادا کریں۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ہم چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کی باصلاحیت قیادت میں عوامی و قومی مسائل پر مثبت لائحہ عمل کے باعث آگے بڑھ رہے ہیں اور سندھ میں پاکستان مسلم لیگ دن بدن مضبوط ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی تنظیم نو میں باصلاحیت لوگ آگے آئیں جس سے پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ ہو گا۔