جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری

جمعہ 3 اپریل 2015 17:00

جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3اپریل2015ء)صدر مملکت ممنون حسین نے انتخابات 2013 میں مبینہ دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مطالبے پر جوڈیشل کمیشن کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔ صدارتی آرڈیننس کی منظوری کے بعد جوڈیشل کمیشن مبینہ انتخابی دھاندلی کے معاملے کی تحقیقات کرے گا اور 30 دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گا۔

(جاری ہے)

حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان طے شدہ معاہدے کے مطابق تحقیقات کے لیے کمیشن آئی ایس آئی اور ایم آئی کی مدد بھی لے سکے گا۔ یاد رہے کہ 20 مارچ کو حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان جوڈیشل کمشن پر اتفاق رائے کیا گیا اور یکم اپریل کو اس معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے۔ حکومت کی جانب سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور تحریک انصاف کی جانب سے جہانگیر ترین نے جوڈیشل کمیشن کے معاہدے پر دستخط کیے جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ نے بطور گواہ دستخط کیے۔