وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی زیرصدارت پنجاب ہیلتھ کےئر کمیشن کا اجلاس

سرکاری ونجی ہسپتالوں میں کم ازکم سروس ڈلیوری کے معیار کے حصول کویقینی بنانے کی ہدایت ہیلتھ کئیر کمیشن کے حوالے سے ریفارمز روڈ میپ وضع کرکے مستقبل کے اہداف کا تعین کیا جائے ‘ شہباز شریف

جمعہ 3 اپریل 2015 19:37

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن کا قیام صوبے میں صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کی جانب تاریخی اقدام ہے، پنجاب حکومت صحت کے شعبہ کی بہتری اور عوام کو معیاری طبی سہولتو ں کی فراہمی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے ،اربوں روپے صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری پر صرف کئے جا رہے ہیں،پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن اور متعلقہ محکموں کو مربوط انداز میں آگے بڑھنا ہے ۔

وہ پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ہیلتھ کئیر کمیشن کے ڈاکٹر محمد اجمل خان نے کمیشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔چےئرپرسن پنجاب ہیلتھ کےئر کمیشن جسٹس (ر) عامررضا خان نے کمیشن کی کارکردگی کے حوالے سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن، مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، مشیر ڈاکٹر اعجاز نبی، اراکین صوبائی اسمبلی رانا ثناء الله،خواجہ عمران نذیر ، ڈاکٹر نادیہ عزیز ،ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، قاضی عدنان فرید، چیف سیکرٹری ، متعلقہ سیکرٹریز ، طبی ماہرین اور بورڈ آف کمشنرز پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن نے اجلاس میں شرکت کی۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے پنجاب حکومت موثر اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ صوبے بھر میں نئے ہسپتالوں کے قیام کے علاوہ میڈیکل ایجوکیشن کے فروغ کیلئے بھی موثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے ،دکھی انسانیت کی خدمت کسی عبادت سے کم نہیں ،پنجاب حکومت اسی مقصد کے پیش نظر عوا م کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہر ضروری قدم اٹھا رہی ہے ۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری اور نجی ہسپتالوں کے حوالے سے کم ازکم سروس ڈلیوری کے معیار کے حصول کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔وزیراعلی پنجاب نے ہدایت کی کہ تعلیم او رصحت کے شعبوں میں ریفارمز روڈ میپ کی طرز پر پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن سے متعلق بھی روڈ میپ وضع کیا جائے اورمستند ڈیٹا کیلئے پنجاب کے تمام سرکاری و نجی ہسپتالوں او رکلینکس کی جیوٹیگنگ کے عمل کا آغاز کیاجائے ۔

انہوں نے کہاکہ سرکاری او رنجی ہسپتالوں کو کم ازکم سروس ڈلیوری کے معیار کے حصول کا پابند بنانا ضروری ہے اس مقصد کے حصول کیلئے مانیٹرنگ کا موثر نظام وضع کیا جائے۔ا نہوں نے کہاکہ عوام کی آگاہی کیلئے سیمینارز کا اہتمام کیاجائے، تمام سٹیک ہولڈرز کو ان سیمینارز میں مدعو کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن اہداف متعین کر کے ان کے حصول کیلئے موثر حکمت عملی مرتب کرے۔صوبے میں عطائیت کے خاتمے کیلئے بھی جامع پلان وضع کیا جائے۔وزیراعلیٰ نے سیکرٹری صحت اور پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن کو ہدایت کی کہ ہیلتھ کئیر کمیشن کے اہداف کے تعین او ردیگر امور کے حوالے سے 14روز میں حتمی سفارشات پیش کی جائیں۔

متعلقہ عنوان :