لاہور میں انٹرنیشنل ماؤنٹین فلم فیسٹیول کے انعقاد سے پاکستان میں سیاحت و پاکستانی ثقافت کو فروغ حاصل ہوگا ‘ عبداللہ خان سنبل

اپنی نوعیت کا یہ فیسٹیول پاکستان میں پہلی مرتبہ ہونے جا رہا ہے ،فلموں کی نمائش، تبادلہ خیال اور کئی اہم سیشن ہونگے‘کمشنر لاہور ڈویژن

جمعہ 3 اپریل 2015 19:59

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) کمشنر لاہور ڈویژن عبدالله خان سنبل نے کہا ہے کہ لاہور میں انٹرنیشنل ماؤنٹین فلم فیسٹیول کے انعقاد سے پاکستان میں سیاحت و پاکستانی ثقافت کو فروغ حاصل ہوگا جبکہ پاکستان میں موجود بہترین صلاحیتوں کے حامل کوہ پیماؤں اور فلم سازی کی حوصلہ افزائی بھی ہوگی۔کمشنر لاہور ڈویژن عبدالله خان سنبل کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ اطلاعات طاہر رضا ہمدانی، ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان، احمر ملک ایم ڈی ٹی ڈی سی پی، علی رضا لیگل ایڈوائزر، مریم چیمہ ڈائریکٹر فلم فیسٹیول، تانیہ قریشی ڈپٹی ڈائریکٹر والڈ سٹی اور ایڈیشنل کمشنر محمد اختر نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ فلم فیسٹیول میں بیرون ملک سے وفود بھی شرکت کریں گے جس کے لیے محکمہ سیاحت پنجاب و دیگر اسٹیک ہولڈرز کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کمشنر لاہور عبدالله خان سنبل و دیگر شرکائے اجلاس کو بتایا گیا کہ اپنی نوعیت کا یہ فیسٹیول پاکستان میں پہلی مرتبہ ہونے جا رہا ہے جس میں فلموں کی نمائش، تبادلہ خیال اور کئی اہم سیشن ہوں گے۔کمشنر لاہور نے ضلعی انتظامیہ لاہور، محکمہ سیاحت پنجاب، محکمہ اطلاعات پنجاب، اندرون لاہور اتھارٹی کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی کو سات روز کے اندر اپنی منصوبہ بندی مکمل کرکے بریفنگ دینے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :