جماعت اسلامی نے پاکستان کو ایک اسلامی و خوشحال ریاست بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے‘ حافظ محمد ادریس

کارکنان صبح دعوتی مہم پر نکلنے سے پہلے دورکعت نماز کا اہتمام کریں ،حکمت اور تدبر سے اپنی بات عوام تک پہنچائیں

جمعہ 3 اپریل 2015 20:15

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ آج سے جماعت اسلامی ملک بھر میں 12روزہ رابطہ عوام مہم کا آغاز کررہی ہے ،امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے گوجرانوالہ سے رابطہ عوام مہم کا افتتاح کردیا ہے ،کارکنان کے ہزاروں وفود ملک بھر میں قریہ قریہ ،گوٹھ گوٹھ اور چھوٹے بڑے شہروں کے ہر گلی کوچے میں جاکر عوام کو جماعت اسلامی میں شمولیت کی دعوت دے رہے ہیں ،اس دعوتی مہم میں ایک کروڑ افراد کو جماعت کے ووٹر اور ممبر بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ کارکنان صبح دعوتی مہم پر نکلنے سے پہلے دورکعت نماز کا اہتمام کریں ،حکمت اور تدبر سے اپنی بات عوام تک پہنچائیں اور اگر کسی طرف سے کسی پریشانی کا سامنا کرنا پڑے تو سنت رسول ﷺ کی پیروی کرتے ہوئے اسے صبر و تحمل سے برداشت کریں ۔

(جاری ہے)

لوگوں کے دل اللہ تعالیٰ کی دو انگلیوں کے درمیان ہیں ،اللہ نے چاہا تو عوام جوق در جوق جماعت میں شامل ہونگے اور پاکستان کو اس کی حقیقی منزل اسلامی انقلاب سے ہمکنار کرنے کیلئے جماعت کی دعوت پر لبیک کہیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔نماز جمعہ کے بعد دعوتی مہم کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ حافظ محمد ادریس نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پاکستان کو ایک اسلامی و خوشحال ریاست بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے ،پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا ضامن نظام مصطفےٰ ﷺ ہے ،انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کا مقصد ہی ایک ایسی ریاست کا قیام تھا جس میں مسلمان قرآن و سنت کیمطابق اپنی زندگیاں گزار سکیں اور دنیا کے سامنے اسلام کی روشن تعلیمات کا عملی نمونہ پیش کرسکیں ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے بانی سید مودودی نے ستر سال قبل فرمایا تھا کہ ”قرآن و سنت کی دعوت لیکر اٹھو اور پوری دنیا پر چھا جاؤ“انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کے عوام کرپشن،غربت ،مہنگائی ،بے روز گاری ،بدامنی جہالت اور لوڈ شیڈنگ کے اندھیروں سے نجات چاہتے ہیں اور انہیں جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت کا ساتھ دینا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :