پارکنگ مافیا نے لاہورپر قبضہ کر رکھا ہے اور من مانے ریٹس وصول کر رہے ہیں‘ محمود الرشید

حکومت اپنے مقر ر کردہ ریٹس کی وصولی کو یقینی بنائے ،پارکنگ کیلئے سڑکوں کی بجائے متبادل اور مستقل جگہ الاٹ کرے

جمعہ 3 اپریل 2015 21:45

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) اپو زیشن لیڈر پنجا ب اسمبلی میا ں محمو د الرشید نے کہا ہے کہ پارکنگ مافیا نے لاہورپر قبضہ کر رکھا ہے اور من مانے ریٹس وصول کر رہے ہیں جبکہ پنجا ب کے حکمران نیند کی گولیاں کھا کرسو رہے ہیں ، مین سڑکوں اور پلازوں کے سامنے ناجائز پارکنگ کی وجہ سے سڑکیں بلاک ہو جاتی ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک اورپیدل چلنے والوں کو گزرنے میں شدید دشواری کاسامنا کرنا پڑ تا ہے ، حکمران اپنے مقر ر کردہ ریٹس کی وصولی کو یقینی بنائیں اورپارکنگ کیلئے سڑکوں کی بجائے متبادل اور مستقل جگہ الاٹ کریں ،ٹھیکیدار جتنا بھی با اثر اور طاقتور ہواگر وہ حکومت کے مقر ر کردہ ریٹس سے زائد وصولی کرے تو اُس کا ٹھیکہ فوری طور پرمنسوخ کر کے اُسے سزا دی جائے ۔

گزشتہ روز اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے مختلف ٹاوٴنز سے پارکنگ کے اوور ریٹس وصول کرنے والوں کے خلاف شکا یات لیکر آنیوالے وفود سے گفتگو کر تے ہوئے میا ں محمود الرشید نے کہا کہ پارکنگ مافیا کی جڑیں مضبو ط ہوتی جا رہی ہیں اور عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے ، حکمرانوں کا فرض بنتا ہے کہ اپنے مقر ر کردہ ریٹس کی وصولی کو یقینی بنائے اور جو ٹھیکیدار مقرر کردہ ریٹس سے زائد وصولی کر یں اُن کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے اور انہیں سزایں دی جائیں ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ حکمران سڑکیں اور پل بنانے میں تولگے ہوئے ہیں مگر سڑکوں پر پارکنگ کی بجائے مستقل جگہ بنا کر پارکنگ کے مسائل کا حل بھی نکالیں تا کہ سڑکو ں پر سے گزرنے والی ٹریفک کو دشواری اور دِقت نہ ہو۔ انہو ں نے کہا کہ متعلقہ محکمے کے افسران اپنے منظور نظر افراد کو نوازتے ہیں ناجائز کام کرنے والے افراد کی پشت پنا ہی کر تے ہیں جس کی وجہ سے وہ طاقتور اور با اثر ہو کر اپنی مان مانیاں کرتے ہیں اور عوام ذلیل و خوار ہو تے ہیں انہو ں نے پنجا ب کے حکمرانوں سے مطالبہ کرتے ہو ئے کہا کہ اس معاملے پر بھی نو ٹس لیں اورٹھیکیدداروں کے ساتھ ساتھ ملوث اورذمہ دار ان افسران کے خلا ف بھی کا روائی کریں تاکہ عوام کو پارکنگ مافیا کی چنگل سے آزادی حاصل ہو سکے ۔